دہشت گردوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے فوجی امداد روکنا دونوں ملکوں کے مفاد میں نہیں: پاکستان
اسلام آباد(اے پی پی +نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے واضح کیا ہے وہ کسی طالبان گروپ میں دلچسپی نہیں رکھتا اور تمام دہشت گرد گروپوں کیخلاف بغیر کسی امتیاز کے کارروائی جاری ہے۔ آپریشن ضرب عضب سے قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے آخری ٹھکانے کامیابی سے تباہ کردئیے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے یہاں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران امریکہ کی جانب سے فوجی امداد روکنے پر ردعمل میں کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی امتیاز نہیں برتا تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جارہی ہے فنڈز بند کیا جانا دونوں ملکوں کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا طورخم بارڈر پر گیٹ کی تعمیرغیر دوستانہ اقدام نہیں ¾کشمیر بھارت کا اندرونی نہیں متنازعہ معاملہ ہے۔ حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیری عوام کی اخلاقی‘سفارتی سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ ترکی نے کشمیریوں کے قتل عام پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ¾ بہت سے ممالک مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں اس لئے عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔بی بی سی کے مطابق انہوں نے کہا پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے خلاف نہ صرف کارروائیاں کررہا ہے بلکہ وہ شدت پسندی کے خلاف لڑائی میں دنیا کی ہر ممکن مدد بھی کررہا ہے۔