• news

دہشت گردی، منظم جرائم کیخلاف مل کر لڑنا ہو گا، آئندہ سارک کانفرنس سری لنکا میں ہو گی: اعلامیہ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) سارک وزرائے داخلہ نے خطے میں قیام امن انسداد دہشتگردی اور منظم جرائم کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے،آئندہ سال سارک وزرائے داخلہ کانفرنس سری لنکا میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والی تین روزہ ساتویں سارک وزرائے داخلہ کانفرنس کے اختتام پر جاری 21نکاتی مشترکہ اعلامیہ میں کہاگیا کہ کانفرنس میں ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے مل کر کوششیں کرنے پر زور دیا گیا ہے ، سائبر کرائم، منظم جرائم کی روک تھام کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جرائم پر قابو پا کر معاشی و ترقی کے ساتھ ساتھ نئی نسل کے مستقبل کے تحفظ کو یقینی بنانے، مشترکہ سماجی برائیوں سے نمٹنے کیلئے مربوط مانیٹرنگ سسٹم معلومات اور ٹیکنالوجی کے تبادلے پر زور دیا گیا سارک علاقائی کنونشنز کو مضبوط کرنے اورجرائم دہشت گردی منشیات کی روک تھام کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت پر غور کیا گیا،عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آیا ،سارک ممالک کا باضابطہ اجلاسوں سے قبل غیررسمی ملاقاتوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا گیا کہ سارک سیکرٹری جنرل اس حوالے سے ضروری اقدامات اٹھائیں، 19ستمبر2014میں چھٹے سارک وزرا داخلہ اجلاس کے فیصلوں کا جائزہ لیا گیا۔ سارک رکن ممالک پر اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رکن ممالک نے جرائم سے متعلق کنونشن کی توثیق پر اتفاق کیا۔ اجلاس میںسارک سیکرٹریٹ میں جنرل سیکرٹری کے دفتر میں کام کرنے والے سٹاف کے لیے تین سال کے ویزا کی منظوری دےدی، وزرائے داخلہ نے اجلاس کو سارک کے مختلف معاہدات پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنے اپنے ملک کی طرف سے اٹھائے گئے اقدام سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں دہشتگردی، منشیات کی سمگلنگ،سمندری قزاقوں اور دوسرے متعلقہ امور پر خصوصی گفتگو کی گئی۔ ان میں منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام،خواتین کی سمگلنگ کی روک تھام اور جنوبی ایشیاءمیں بچوں کی فلاح و بہبودکے فروغ کے معاہدات شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن