راجناتھ کا دم دبا کر بھاگنا پاکستان کی فتح ہے: وزرائ، ارکان پارلیمنٹ
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ نے سارک وزرائے داخلہ کانفرنس میں مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک اور بھرپور موقف اپنانے پر وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر گولیاں برساتے شرم نہیں آتی تو سچ کا سامنا کرتے ہوئے کیوں آتی ہے ، وزیر داخلہ نے راج ناتھ سنگھ کو آئینہ دکھایا تو وہ دم دبا کر بھاگ گئے ، بھارتی وزیر میں سچ کا سامنا کرنے کی اخلاقی جرات ہونی چاہیے تھی ، بھارتی وزیر داخلہ کا سارک کانفرنس چھوڑ کر بھاگنا پاکستان کی فتح ہے ، کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک پاکستان کو اسی طرح دو ٹوک انداز میں کشمیری بھائیوں کا ساتھ دینا چاہیے۔ وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ اب بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ آزادی کی جدوجہد اور دہشت گردی میں فرق ہے ۔ عالمی برادری کو کشمیر کے معاملے پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ چودھری نثار نے حقیقت سے پردہ اٹھایا ہے تو بھارت سے برداشت نہیں ہوا۔ بھارتی وزیر داخلہ کو اپنے اندر برداشت کا مادہ پیدا کرنا چاہیے ۔ وفاقی وزیر برجیس طاہر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 76 نہتے کشمیریوں کو شہید کرجا چکا ہے ، ہزاروں زخمی ہیں ۔ بھارتی وزیر داخلہ کو آئینہ دکھانے پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان مبارک باد کے مستحق ہیں ۔ وفاقی وزیر اکرم درانی نے کہا کہ بھارت کی برداشت انتہائی کم ہے ،جب آئینہ دکھایا جاتا ہے تو دم دبا کر بھاگ جاتا ہے ۔ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں مظالم بند نہ کیے تو اس سے بھی سخت ردعمل دیں گے ۔ بھارتی مظالم چودھری نثار نے پاکستان کا موقف اجاگر کیا۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی مظالم کا مظاہرہ کیا ، انہیں سارک کانفرنس میں اپنے کیے کی مذمت کرنا چاہیے تھی۔ چودھری نثار کا دو ٹوک موقف اپنانا قابل تعریف ہے ۔ جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ چودھری نثار کو مسئلہ کشمیر اٹھانے پر مبارک باد دیتا ہوں۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رانا محمد افضل نے کہا کہ دنیا دہشت گردی اور آزادی کی تحریک کا فرق سمجھے۔ بھارتی وزیرداخلہ کے واپس جانے کا ہمیں کوئی افسوس نہیں ۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ چوہدری نثار نے پاکستانیوں کے دل کی بات کہی۔ سینیٹر مشاہد اللہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما ملک ابرار نے بھی وزیر داخلہ کو مسئلہ کشمیر پر بھرپور موقف اور آواز اٹھانے پر مبارک باد پیش کی ۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھی چودھری نثار علی خان کے سارک کانفرنس میں خطاب کو سراہا۔حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھی چوہدری نثار علی خان کو مبارکباد دی ہے اور توقع کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان اس طرح کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کرتا رہے گا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے کنوینئر برائے پاکستان غلام محمد صفی نے چوہدری نثارعلی خان کی طرف سے سارک وزارتی اجلاس میں کشمیریوں کی بھرپور ترجمانی کا خیرمقدم کیا۔