نواز شریف بھارت کا دوست بننے کی بجائے محمد بن قاسم کا کردار ادا کریں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بغیر بھارت کے ساتھ مذاکرات قابلِ قبول نہیں ہوں گے ۔کشمیری عوام کو تنہا چھوڑنا شہداء کے خون سے غداری ہو گی، وزیر اعظم نواز شریف بھارت کا دوست بننے کی بجائے محمد بن قاسم کا کردار ادا کر یں، بھارت نے پاکستان کی شہہ رگ پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ کشمیری عوام تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کو مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کی طرح مسئلہ کشمیر کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانا چاہئے۔ ہم خون کے آخری قطرے تک تحریک آزادی کشمیر کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ہم نے تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی ہے مشاورت سے ایک روڈ میپ بنائیں گے ۔آج حکمران تو خاموش ہیں اور سورہے ہیں لیکن خواتین زندہ اور بیدار ہیں اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکل آئی ہیں۔ خواتین کے اندر حمیت اور غیرت موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی حلقہ خواتین کے تحت جمعرات کو روز مزار قائد پر ’’یکجہتی کشمیر خواتین مارچ ‘‘ سے خطاب میں کیا کہ ہماری شہہ رگ پہ بھارت نے قبضہ کیا ہوا ہے لیکن حکمرانوں کو اس سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ جماعت اسلامی کے تحت 15اگست کو مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر میں تاریخی مار چ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا یہ کہنا کہ کچھ لوگ اسلام اور کشمیرکے نام پر سیاست کررہے ہیں قابل مذمت اور افسوسناک ہے ان کو شرم آنی چاہیئے ۔وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھارتی وزیر داخلہ کے حوالے سے جو مؤقف اختیار کیا ہے ہم اس کی تائید کرتے ہیں۔ بھارت تو پورا آزاد کشمیر اور گلگت راولا کوٹ پر بھی دعویٰ کرتا ہے کیا ہم یہ قبول کرلیں گے ؟ہرگز نہیں ۔پورا کشمیر پاکستان ہے اور پاکستان بن کر رہے گا۔ بھارت کے دوستوں کو اسلام آباد میں نہیں بھارت میں ہونا چاہیے۔ کشمیر پر مظالم میں جہاں ایک طرف بھارت کا ہاتھ ہے وہیں دوسری طرف پاکستان کے بزدل حکمرانوں کا بھی ہاتھ ہے۔بزدل حکمرانوں نے مسئلہ کشمیر کو سرد خانہ میںڈالا ہے لیکن کشمیری عوام نے اس مسئلے کو زندہ رکھا ہوا ہے۔