تحریک انصاف کے ایم این اے مراد سعید کے والد کی گاڑی کا چالان‘ ٹریفک اہلکار معطل
پشاور(صباح نیوز+نوائے وقت رپورٹ)تحریک انصاف کے ایم این اے مراد سعید کے والد کی گاڑی کا چالان کرنے پر مراد سعید کی شکایت پر ٹریفک اہلکار کو معطل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مراد سعید کے والد سعید خان کبل سے مینگورہ جا رہے تھے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ٹریفک اہلکارمحمد حیات نے روک کر چالان کر دیا جس پر مراد سعید کے والد مشتعل ہو گئے اور ٹریفک اہلکار کے ساتھ جھگڑنا شروع کر دیا اور گالی گلوچ کی۔ اس تمام تر واقعہ کے بعد مراد سعید کے والد نے ڈی پی او آفس جا کر شکایت کی جس پر ڈی پی او نے ٹریفک اہلکار کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔مراد سعید نے کہا کہ شکایت کرنا ہر شہری کا حق ہے۔ میرے والد نے اہلکار کے روئیے کی ڈی پی او کو شکایت کی۔دریں اثناء ڈی آئی جی مالاکنڈ اختر حیات خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ ٹریفک اہلکار کو معطل نہیں کیا گیا۔ محمد حیات کے خلاف انکوائری کا حکم دیا گیا ہے۔