• news

بلوچستان میں 100 چھوٹے ڈیم تعمیر کئے جائیں گے، 8 ارب 12 کروڑ کا منصوبہ منظور

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیرصدارت ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق لاڑکانہ میں بند کی تعمیر کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ بند کی تعمیر سے بہت سے رقبے کو سیلاب کی تباہی سے بچایا جا سکے گا۔ ضلع گھوٹکی میں قادر پور کے مقام پر 30 کروڑ کی لاگت کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ بند کی تعمیر سے 15630 ایکڑ رقبے کو سیلاب سے بچایا جا سکے گا۔ اجلاس میں نالہ ڈیک کی چینلائزیشن کیلئے پوزیشن پیپر کی منظوری دیدی۔ منصوبے سے سیلابی پانی دریائے راوی کی طرف موڑنے میں مدد ملے گی۔ بلوچستان میں 100 چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کا 8 ارب 52 کروڑ کا منصوبہ منظور کر لیا۔ لاہور سے سیالکوٹ تک موٹروے کی تعمیر کا منصوبہ ایکنک کو بھیج دیا۔ کراچی میں ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کا پوزیشن پیپر منظور کر لئے گئے۔ احسن اقبال نے کہا کہ 2025 تک برآمدات کو 150 ارب ڈالر تک بڑھائیں گے، ہم نے 70 سال ضائع کر دیے اورمعیشت ہماری ترجیح نہیں رہی، ہم ابھی تک سیاسی جھگڑوں سے آزاد نہیں ہوئے، سی پیک پاکستان کو دنیا میں منفرد مقام دلائے گا۔ وہ جمعرات کو پاک افغان وسطی ایشائی ریاستوں کے مابین تجارتی نمائش اور سیمینار سے خطا ب کر رہے تھے۔سنٹرل ڈیلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے آبی ذخائر مواصلات‘ کھیل‘ اعلیٰ تعلیم اور فزیکل پلاننگ سمیت دیگر شعبوں کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی۔ آزاد جموں کشمیر میں باغ میں خواتین کی یونیورسٹی کے قیام کا 886 ملین کا منصوبہ منظور کیا گیا۔ لاہور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ منظور کیا گیا۔ پشاور یونیورسٹی میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے 820 ملین روپے کا منصوبہ منظور کیا گیا۔ بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں بائیو ٹیکنالوجی کے انسٹیٹوٹ کو بہتر بنانے کا 588 ملین روپے کی مالیت کا منصوبہ منظور‘ بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ منیجمنٹ سائنس میں جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے ڈیڑھ ارب کی لاگت سے منصوبہ منظور کیا گیا۔ پاکستان کے ہر ضلع میں یونیورسٹی کے کیمپس یا سب کیمپس قائم کرنے کیلئے 4 ارب 58 کروڑ کا منصوبہ منظور کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن