اٹک میں اجتماعی خود کشی کی کوشش کرنے والی مزید 2لڑکیاں دم توڑ گئیں، ہلاکتیں 5 ہو گئیں
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) اٹک میں اجتماعی خودکشی کی کوشش کرنے والی مزید دو لڑکیاں ہولی فیملی ہسپتال میں دم توڑ گئیں۔ جس کے بعد مرنے والی لڑکیوں کی تعداد 5ہوگئی ہے۔ پولیس کے مطابق ثنا اور نادیہ نے نزعی بیان میں کہا کہ زہریلی گولیاں مذاق میں شرط لگا کر کھائیں کسی کے کہنے یا جھگڑے پر خودکشی کی کوشش نہیں کی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 21 سال کی ثنا اور 14 سال کی نادیہ ہولی فیملی ہسپتال میں زیر علاج تھیں تاہم ان کی جان بچانے کی کوششیں بار آور نہ ہوسکیں اور وہ دوران علاج چل بسیں۔ واضح رہے کہ اجتماعی خودکشی کا واقعہ اٹک کے علاقے تکبیرکالونی میں پیش آیا تھا۔ آن لائن کے مطابق مرنے والی تمام لڑکیاں آپس میں رشتہ دار اور 20 روز بعد انکے گھر میں شادی ہونے والی تھی مرنے والی لڑکیوں میں دلہن فوزیہ نے بھی زہر کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا جبکہ تھانہ سٹی پولیس نے ایک شخص ثقلین کو گرفتار کر لیا ہے۔