ٹرمپ احمق ہیں، سربراہ ری پبلکن نیشنل کمیٹی، مقبولیت میں بھی 10 فیصد کمی
نیو یارک (نیٹ نیوز) پاکستانی نژاد امریکی فوجی خاندان پر تنقید اور مک مکین اور پال رائن کی حمایت نہ کرنے کے اعلان پر ری پبلکن پارٹی چیف برہم ہوگئے، ٹرمپ کو احمق قرار دے دیا۔ ٹرمپ کے پارٹی رہنمائوں سے اختلافات شدت اختیار کرگئے اور صدارتی مہم تنازعات کا شکار ہوگئی ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت 10 پوائنٹس تک گر گئی۔ نامزد صدارتی امیدوارکے جارحانہ اور متعصب رویے پر ریپبلکن نیشنل کمیٹی کے چیئرمین نے ٹرمپ کو احمق قرار دے دیا۔ ریپبلکن جماعت کی ڈونر میگ وٹمین نے ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جذباتی تقریروں نے قوم کو نقصان پہنچایا ہے۔ ریپبلکن جماعت کی حامی ایک تنظیم نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے رویے پر گہری تشویش ظاہر کی، تنازعات کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ تازہ ترین سروے کے مطابق ہلیری کلنٹن کے مقابلے میں ٹرمپ کی مقبولیت دس پوائنٹس تک گر گئی ہے۔ ادھر فلوریڈا میں انتخابی ریلی سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے پارٹی اختلافات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی انتخابی مہم متحد ہے ، وہ اوہایو اور فلوریڈا میں لیڈنگ پوزیشن میں ہیں۔ٹرمپ کی ترجمان ہوپ ہکس نے بتایا کہ ٹرمپ نے کبھی اپنے خارجہ پالیسی مشیر سے یہ سوال نہیں کیا کہ امریکہ اپنے ایٹمی ہتھیار استعمال کیوں نہیں کر سکتا؟