قندیل بلوچ قتل کیس‘ حق نواز اور عبدالباسط کا پولی گرافک ٹیسٹ مکمل
لاہور (صباح نیوز) ماڈل قندیل بلوچ کے قتل کیس کی تحقیقات اور تفتیش کا سلسلہ جاری ہے قندیل بلوچ کے کزن حق نواز اور ٹیکسی ڈرائیور عبدالباسط کا پولی گرافکس ٹیسٹ لاہور میں کرا لیا گیا ہے۔ ڈرائیور باسط کی گاڑی بھی پولیس نے قبضے میں لے لی، ملزم حق نواز کو آج (جمعہ)کو عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ پولیس ذرائع کے مطابق قندیل بلوچ قتل کی تفتیش آخری مراحل میں ہے تفتیش کو حتمی شکل دینے کے لئے قندیل بلوچ کے کزن حق نواز اور ٹیکسی ڈرائیور عبدالباسط کا لاہور میں پنجاب سائنس لیبارٹری سے پولی گرافکس ٹیسٹ کرا لیا گیا ہے۔ ملزمان کو دوبارہ تفتیش کے لئے پولیس کی تحقیقاتی ٹیم کے حوالے بھی کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ قندیل بلوچ کے ڈی این اے ٹیسٹ رپورٹ کے موصول ہونے کے بعد تفتیش کو حتمی شکل دی جائے گی اور چالان عدالت میں جمع کرا دیا جائے گا۔ دوسری جانب ڈرائیور عبدالباسط کی گاڑی کو بھی پولیس نے اپنے قبضہ میں لے لیا ہے۔