حکومت مخالف تحریک میں کوئی مفاہمت نہیں کرینگے: پرویز اشرف، ورکرز کنونشن میں ہلڑ بازی
سیالکوٹ (نامہ نگار) سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے حالیہ انتخابات کو مسترد کرتے ہیں جو بد ترین دھاندلی کی مثال ہیں۔ کشمیر کے انتخابات میں پیسوں سے ووٹ خریدے گئے ہیں جوکہ 2013کے انتخابات کا تسلسل ہے ۔ سندھ میں رینجرز کے ساتھ پیپلز پارٹی کا بھرپور تعاون ہے۔ رینجرز نے سندھ میں انتہائی احسن اقدامات کئے ہیں ہم رینجرز کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔ حکومت کو پانامہ لیکس میںکوئی دلچسپی نہیں ہے، پانامہ لیکس کے نام پر عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی رہائش گاہ واقع بے چک میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ندیم افضل چن، منظور احمد، رانا فاروق سعید ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چوہدری سرفراز احمد گھمن ایڈووکیٹ، میاں عابد جاوید اور پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی حکومت مخالف تحریک میں کوئی مفاہمت نہیں کرے گی۔ حکومت مخالف تحریک سے ہم ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پاکستان کا ہر ایک شہری کرپٹ لوگوں کا احتساب دیکھنا چاہتا ہے۔ حکومت نے کاشتکاروں کے منہ سے آخری نوالہ تک چھین لیا ہے۔ لاء اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث لاہور میں 800بچے لاپتہ ہیں۔ صنعتکار، تاجر، کاشتکار پریشانی کا شکار ہو چکے ہیں۔ قبل ازیں سیالکوٹ کے مقامی ہوٹل میں سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے مقامی ہوٹل میں تنظیم سازی کے سلسلہ میں بنائی گئی کمیٹی سے مشاورت کی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو ملک کی مقبول ترین پارٹی بنانے کے لئے کوشش کی جارہی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو کے مشن کے ساتھ کارکنوں کی طاقت سے ہمارا سیاسی سفر کامیابی کی طرف گامزن ہو چکا ہے۔ اس موقع پر کارکنوں نے پارٹی کی قیادت کے خلاف ہلڑ بازی کی اور قائدین کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ انوار کلب آڈیٹوریم میں ہونے والا پیپلز پارٹی ورکرز کنونشن میں ہلڑ بازی کی وجہ سے راجہ پرویز اشرف اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوا ن خطاب نہ کرسکے۔ گزشتہ روز آڈیٹوریم میں پیپلزپارٹی کاکنونشن رکھا گیا تھا جس کا مقصدپارٹی کے ضلعی وسٹی عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا جانا تھا لیکن کارکنوں نے سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف اورسابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے اسٹیج پر آتے ہی ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی شروع کردی۔ دو گھنٹے سے زائد عرصہ تک ہونے والی نعرے بازی کے بعدسابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان خطاب کئے بغیر ہی واپس چلے گئے۔