• news

تربت: جھڑپ، دہشتگرد ہلاک، کوئٹہ: 6شدت پسند گرفتار

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) ضلع تربت کے علاقے ٹمپ میں سکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ پارٹی پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا جبکہ کوئٹہ کے علاقوں میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 6دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے نیو سریاب تھانے کی حدود میں فائرنگ سے ایک شخص جبکہ ضلع آواران میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ضلع تربت کے علاقے ٹمپ میں سکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ پارٹی معمول کے گشت پر تھی کہ نامعلوم دہشتگردوں نے ان پر فائرنگ کر دی جوابی فائرنگ سے ایک دہشتگرد مارا گیا اور اس کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروںنے کوئٹہ کے علاقوں کلی شابواور مشرقی بائی پاس میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 6دہشتگردوںکو گرفتار کرلیا جنہوںنے عالموچوک اور سریاب روڈ پر بس دھماکوں سمیت دیگر وارداتوںمیںملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے ۔ یہ بات انہوںنے سکندرجمالی ایڈیٹوریم سول سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ سرفراز بگٹی نے کہاکہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں غیر ملکی خفیہ ایجنسیاں را اور این ڈی ایس ملوث ہے جن کے ٹھوس ثبوت سامنے آئے ہیں جبکہ راکے حاضر سروس آفیسر کی گرفتار بلوچستان میں غیر ملکی مداخلت کے واضح ثبوت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ فراریوں کی قیادت کا قومی دھارے میں شامل ہونا مثبت حکومتی پالیسیوں اور مذاکرات کا نتیجہ ہے۔ ادھر ضلع بارکھان کے علاقے بغاو میں ایف سی اور حساس ادارے کی کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ گولہ بارود برآمد اسلحہ میں راکٹ لانچر گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے یہ 14اگست کے موقع پر استعمال کیا جانا تھا۔ ادھر ایف سی اور پولیس نے کوئٹہ کے علاوہ کشمیر آباد کلی خلجی میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 5مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا اور ان کے قبضے سے تین رائفلز، 4پسٹل اور رائونڈز برآمد کرلئے۔ ادھر نیو سریاب تھانے کی حدود صدام پھاٹک کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے مستونگ کا شبیر جاںبحق ہوگیا۔ علاوہ ازیں ضلع آواران کے علاقے مشکے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قادر بخش سمیت 2افراد مارے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن