وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت اجلاس‘ دہشت گردوں کیخلاف کارروائیوں کو نتیجہ خیز بنانے کا فیصلہ
کوئٹہ(بیورو رپورٹ)وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے خلاف کاروائیوں کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشترکہ لائحہ عمل مرتب کر کے اس پر فوری طور پر عملدرآمد کے آغاز کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا کہ دہشت گردوں کو دوبارہ سے سراٹھانے کا موقع نہیں دیا جائیگا اور حفاظتی اقدامات کو اس حد تک موثر بنایا جائیگاکہ دہشت گردوں کو کسی قسم کی کاروائی کا موقع نہ مل سکے، اجلاس میں شہر کے داخلی مقامات پر قائم چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط اور فعال بنانے ، سیکورٹی فورسز کے گشت میں اضافے ، سیکورٹی کیمروں کی تنصیب کے عمل کو جلد مکمل کرنے کے ساتھ سیکورٹی کے مجموعی انتظامات کی بہتری کے لیے کئی ایک اہم فیصلے بھی کئے گئے۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ملک دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کسی بھی صورت چین سے نہیں بیٹھنے دیا جائیگا اور ان کے ٹھکانوں تک ان کا پیچھا کر کے انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا۔ اجلاس میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا پولیس ، ایف سی اور لیویز کے حوصلے بلند ہیں اور وہ دہشت گردوں کے خلاف موثر کاروائیاں کر رہے ہیں جن کے نتیجے میں بہت سے دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔