چترال: طلباء پر پرنسپل کا تشدد نجی سکول سیل‘ اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر کے سامنے طلبہ کا مظاہرہ
چترال (صباح نیوز) چترال میں طلباء پر پرنسپل کے تشدد کے بعد نجی سکول سیل کرنے سے سینکڑوں طالب علموں کا مستقبل دائو پر لگ گیا‘ سکول کی بندش کے خلاف طلباء نے اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر کے سامنے انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ایک طالب علم ساجد خان کا کہنا تھا کہ سکول کو سیل کیے جانے کے باعث ہماری تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ بچوں کے والدین نے بھی اسسٹنٹ کمشنر محمد یوسف سے درخواست کی کہ وہ طلبہ کے بہتر مفاد میں سکول کو کھول دیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پرنسپل نے قانون کی خلاف ورزی کی۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے سکول کو سیل کیا۔ سکول کھولنے کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔