سمیع اسلم کو رن آئوٹ کروانے، آخری گیند پر وکٹ کھونے کا دکھ ہے: اظہر علی
لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر ) تیسرے ٹیسٹ میں 139 رنز کی شاندار اننگز کے باوجود میچ کے اختتام پر پاکستانی بلے باز اظہر علی کے دل میں دو کانٹے چبھے رہے۔ ایک تو آخری گیند پر آؤٹ ہو جانا، اور دوسرا نئے کھلاڑی سمیع اسلم کے رن آؤٹ کروا دینا۔انہوں نے کہا کہ سمیع نوجوان کھلاڑی ہیں، لیکن جس طرح سے انھوں نے بیٹنگ کی اسے دیکھنا بہت زبردست تھا۔ بدقسمتی سے میں نے انھیں رن آؤٹ کروا دیا۔ اظہر علی نے کہاکہ جب وہ آؤٹ ہوئے تو ہم دونوں بڑا اچھا کھیل رہے تھے اور ہمارے پاس مزید لمبی اننگز جاری رکھنے کا موقع تھا۔ ایسی چیزیں ہو جاتی ہیں، لیکن مجھے اس لیے زیادہ دکھ ہے کہ وہ نوجوان کھلاڑی ہیں، اورسنچری بنانے کے بہت قریب پہنچ گئے تھے۔