برمنگھم ٹیسٹ: پاکستان400 پر آئوٹ، انگلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 120 رنز بنا لئے
لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر)انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 120رنز بناکر مجموعی طور پر 17رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ تمام وکٹیں باقی ہیں۔ مہمان ٹیم پہلی اننگز میں400 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ پاکستان نے تیسرے روز 3 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز سے پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تاہم یونس خان 10 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 31 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو ئے۔مصباح الحق اور اسد شفیق کے درمیان 22 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد سٹورٹ براڈ نے اسد کی وکٹیں بکھیر دیں، وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے تو پاکستان کا سکور 296 رنز تھا۔پاکستان نے کھانے کے وقفے تک 5 وکٹوں پر 336 رنز بنائے تھے۔مصباح الحق نے کھانے کے وقفے کے بعد اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن اس کو بڑے سکور میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے اور 56 رنز کی اننگز کھیل کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے، مصباح اور سرفراز کی شراکت میں 62 رنز کا اضافہ ہوا۔کپتان کے آؤٹ ہوتے ہی پاکستانی ٹیل اینڈرز یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے تاہم سرفراز احمد دوسرے اینڈ کو سنبھالے رکھا اور پاکستان کی برتری کو بڑھا دیا لیکن اس دوران انگلینڈ رواں میچ میں جیمز اینڈرسن کی خدمات سے محروم ہوگئی۔اینڈرسن کو تنبہہ کے باوجود پچ کی ممنوعہ جگہ پر پاؤں رکھنے پر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔یاسر شاہ 7 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ محمد عامر ایک اور سہیل خان 7 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔سرفراز احمد نے آؤٹ ہوئے بغیر 46 رنز بنائے اور پاکستان کو پہلی اننگز میں 400 رنز بنا کر انگلینڈ پر 103 رنز کی برتری دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان کی جانب سے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی راحت علی تھے جو 4 رنز بنا کر براڈ کی گیند پر روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے سٹورٹ براڈ اور کرس ووکس نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔انگلینڈ نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 120رنز بناکر مجموعی طور پر17رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ دس وکٹیں باقی ہیں ۔ کپتان الیسٹر کک64اور الیکس ہیلز50رنز بناکر کھیل رہے ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 297 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ برطانوی فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن نے بھی پاکستانی کھلاڑیوں کے پش اپس لگانے پر اعتراض کردیا۔