ڈی جی ایف آئی اے محمد عملیش‘ چیئرمین این ایچ اے سمیت 12افسروں کی گریڈ 22میں ترقی‘ بعض کے تبادلے
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی حکومت نے اعلیٰ افسروں کو گریڈ 22 میں ترقی دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جبکہ بعض افسروں کے تبادلے بھی کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق آڈٹ اینڈ اکائونٹس گروپ کے عمران اقبال کو گریڈ 22 میں ترقی دینے کے بعد پاکستان اٹامک انرجی کمشن کا ممبر تعینات کر دیا گیا۔ فارن سروس گروپ کی تہمینہ جنجوعہ کو گریڈ 22 میں ترقی دی گئی وہ اور جنیوا میں پاکستان کی مستقل مندوب کے طورپر تعینات ہیں۔ کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ کے اظہر علی چوہدری کو گریڈ 22 میں ترقی ملنے کے بعد سرمایہ کاری بورڈ کا سیکرٹری تعینات کر دیا گیا۔ ان لینڈ ریونیو سروسز گروپ کے چوہدری صفدر حسین کو ترقی دے کر ایف بی آر میں ہی تعینات رکھا گیا۔ ان لینڈ ریونیو سروسز گروپ کے ڈاکٹر محمد ارشاد کو ایف بی آر میں ہی رہنے دیا گیا ہے۔ پولیس سروس کے کیپٹن (ر) لیاقت علی خان کو گریڈ 22میں ترقی ملنے کے بعد فرنٹیئر کانسٹیبلری میں ہی تعینات رکھا گیا ہے۔ پولیس گروپ کے محمد عملیش کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر ڈی جی ایف آئی اے کے عہدے پر ہی تعینات رکھا گیا ہے۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ کے رضوان بشیر خان ترقی ملنے کے بعد انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکرٹری کے عہدے پر ہی تعینات رکھا جا رہا ہے۔ شاہد اشرف تارڑ کو گریڈ 22 میں ترقی ملنے کے بعد چیئرمین این ایچ اے کے عہدے پر برقرار رکھا جا رہا ہے۔ اسی طرح پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ کے سردار احمد نواز سکھیرا کو گریڈ 22 میں ترقی دینے کے بعد سیکرٹری نجکاری کے طو رپر تعینات رکھا گیا ہے۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ کی مسز یاسمین مسعود کو ترقی دے کر سیکرٹری بی آئی ایس پی کے عہدے پر تعینات رکھا گیا جبکہ پاکستان کسٹم سروسز کے محمد سلیم احمد رانجھا کی خدمات فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سپرد کر دی گئی ہے۔ سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگہ کو گریڈ 22 میں ترقی دینے کے بعد اسی عہدے پر تعینات رکھا جا رہا ہے۔، دریں اثناء گریڈ21کے افسر ایڈیشنل سیکرٹری انڈسٹری شفقت الرحمن رانجھا کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گی۔