کوئٹہ، آواران میں فائرنگ،2 افراد جاں بحق، لیویز اہلکار سمیت 9 زخمی
کوئٹہ آوران+ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) کوئٹہ میں مسجد روڈ پر نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق تین زخمی ہو گئے جبکہ آواران میں بھی فائرنگ سے ایک بچی جاں بحق جبکہ لیویز اہلکار سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ قومی پرچم اور جھنڈیاں فروخت کرنے والوں پر کی گئی زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ادھر پشاور کے علاقے منتھرا میں حملہ آوروں نے ایس ایچ او کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ پولیس کے مطابق پیچھا کرنے پر دو موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا حملہ آوروں سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کر لیا۔ حملے میں ایس ایچ او محفوظ رہے۔ ادھر آواران کی تحصیل چھائونی کے علاقے دوبیجی میں نامعلوم افراد نے لیویز اہلکار کے گھر پر فائرنگ کی۔ لیویز ذرائع کے مطابق فائرنگ کے باعث بچی جاں بحق ہوگئی جبکہ لیویز اہلکار سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ ادھر کوہاٹ پولیس نے علاقہ غیر سے کروڑوں مالیت کی چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ منشیات سمگلر گرفتاری کے خوف سے بھاری مقدار میں چرس چھوڑ کر قریبی پہاڑوں میں فرار ہوگئے۔ وہاڑی میں ٹرک الٹنے سے کئی من چرس سڑک پر بکھر گئی جبکہ ٹرک کا ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔