ایک دن بھی تاخیر کردیتا تو پانچ جرنیلوں نے بغاوت کا منصوبہ بنایا تھا: جاوید ہاشمی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ دھرنے کے وقت اگر میں ایک دن بھی تاخیر کردیتا تو ترکی کی طرح بغاوت کرنیوالے پانچ جرنیلوں نے چیف جسٹس سے اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کروا دینا تھا۔ انہوں نے آئین میں ترمیم کی تجویز پیش کی سینٹ کو مزید اختیارات دینے کیلئے آئین میں ترمیم کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینٹ اور قومی اسمبلی دونوں سے وزیراعظم چنا جائے‘ سینٹ کو بائی پاس کرنا درست نہیں‘ موجودہ طریقہ کار سے چھوٹے صوبوں کو یہ تاثر جاتا ہے کہ وزیراعظم وہی ہوگا جسے پنجاب سے اکثریت حاصل ہو‘ عمران خان سڑکوں پر آکر پھر وقت ضائع کریں گے‘ بہتر ہوتا کہ اگر وہ اسمبلی میں آکر احتساب کیلئے قانون سازی میں حصہ لیتے‘ وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ ساری سیاسی جماعتوں اور پارلیمانی لیڈران سے کہنا چاہتا ہوں کہ الیکشن سال شروع ہوچکا ہے صرف بائیس مہینے رہتے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اس ایک سال میں کچھ کرکے دکھانا ہوگا۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ دھرنے کے وقت اگر میں ایک دن کی بھی دیر کر دیتا تو ترکی کی طرح بغاوت کرنے والے پانچ جرنیلوں نے چیف جسٹس سے اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کروا دینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر الو بول رہے ہیں‘ گیلریاں خالی پڑی ہیں اسمبلی پانچ سال پورے نہ کرپائی تو ملک تباہ ہوجائے گا‘ عمران خان قوم سے سچی بات کیوں نہیں کرتے اگر وہ استعفیٰ دے کر ایک ماہ کی تنخواہ نہ لیں تو نواز شریف کو انتخابات کرانا پڑیں گے لیکن عمران خان ایک ماہ کی تنخواہ چھوڑنے کے لئے بھی تیار نہیں۔