کرپشن کے خاتمے‘ بدعنوانی کیخلاف مہم وسیع پیمانے پر جاری ہے: چیئرمین نیب
اسلام آباد (نامہ نگار)چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمہ کیلئے پُرعزم ہے اور اس کی بدعنوانی کے خلاف مہم وسیع پیمانے پر جاری ہے۔ نیب پرامید ہے کہ تمام فریقین کے ساتھ ملکر کاوشوں سے کرپشن اور بدعنوانی کا خاتمہ ہو گا جبکہ نیب راولپنڈی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مضاربہ مشارقہ سکینڈل میں 29 کیس احتساب عدالتوں میں دائر کئے گئے ہیں۔ اس سکینڈل سے بازیاب کرائی گئی رقم میں سے 104 متاثرین کو ادائیگی کا کیس آخری مراحل میں ہے۔ نیب پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے نیب ہیڈ کوارٹر میں گزشتہ روز کو اربوں روپے کے مضاربہ سکینڈل پر حالیہ پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ ڈی جی نیب راولپنڈی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مضاربہ سکینڈل کی تحقیقات نیب راولپنڈی بیورو میں جاری ہے۔ احتساب عدالتوں میں مضاربہ سکینڈل میں 29 کیس ہیں جن میں ایک انکوائری اور 28 ریفرنسز دائر کئے گئے ہیں۔ ان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر الیگزر گروپ اکبر خان کے خلاف انکوائری نیب راولپنڈی میں زیر سماعت ہے جبکہ کرپشن کے 28 ریفرنسز بھی احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔