• news

شادباغ‘ کنوارے جیٹھ نے حاملہ بھابھی کو پٹرول چھڑک کر زندہ جلادیا

لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ شادباغ کے علا قے میں جیٹھ نے بھابھی کو پٹرول چھڑک کر زندہ جلا ڈالا اور کمرے کا دروازہ باہر سے بند کردیا، مقتولہ چیختی چلاتی رہی‘ملزم فرار ہوگیا۔ پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دی۔ شادباغ پولیس مبینہ طور پر ملزم کو بچانے کیلئے واقعہ کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کرتی رہی اور مقدمہ درج کرنے سے بھی انکارکردیا تاہم مقتولہ کے اہل خانہ کے احتجاج پر مقدمہ درج کرلیا۔ معلوم ہوا ہے تھانہ شاد باغ کے علاقے حاجی پارک میں 22 سالہ سدرہ کی ڈیڑھ سال قبل وقاص سے شادی ہوئی تھی۔ وقاص کا بڑا بھائی وارث جس کی شادی نہ ہوسکی تھی اپنے بھائی اور بھابی سے خار کھانے لگا اور آئے روز تکرار کرتا، گذشتہ روز 6 ماہ کی حاملہ سدرہ گھر میں اکیلی تھی، اسی دوران وارث بوتل میں پٹرول لیکر آیا اور سدرہ پر پھینک کر آگ لگا دی اور باہر سے کمرے کا دروازہ بھی بند کردیا ۔ملزم نے واقعہ کو آتشزدگی سے ہلاکت کا رنگ دینا چاہا اور بعد میںفرار ہوگیا۔ سدرہ کے والد نے تھانے میں درخواست دی کہ سدرہ کو اس کے جیٹھ وارث نے قتل کیا اورآتشزدگی سے ہلاکت کا ڈرامہ رچایا جس پر پولیس نے کافی دیر بعد مقتولہ کے والد لیاقت کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا تاہم پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی تاہم دیگر 3 رشتہ داروں کو حراست میں لے لیا۔

ای پیپر-دی نیشن