• news

آزاد کشمیر کی 9 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا‘ صدر یعقوب عبارت بھول گئے‘ پارلیمانی پارٹی میں اختلافات

راولپنڈی (سلطان سکندر) آزاد کشمیرکی 9 رکنی کابینہ کی تشکیل کے پہلے مرحلے پر ہی مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ کابینہ میں مہاجرین کے کسی نمائندے کو شامل نہ کئے جانے پر سیاسی اور پارلیمانی حلقوں میں حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کہا کابینہ میں مہاجرین کے نمائندے بعد میں شامل کئے جائیں گے۔ قانون سازاسمبلی کے دو بزرگ ارکان سردار خان بہادر خان‘ راجہ عبدالقیوم خان اور دو نوجوان ارکان اسمبلی حافظ محمد احمد قادری اور اسد علیم شاہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس اور حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہ کرسکے۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں راجہ فاروق حیدر نے 9 وزراء کے نام پڑھ کر سنائے تو سہنسہ (کوٹلی) سے راجہ نصیر احمد خان اور عباسپور سے چودھری یاسین گلشن نے کھل کر اختلاف رائے کا اظہار کیا۔ یاسین گلشن نے اجلاس سے واک آوٹ کرتے ہوئے کہا میں تیسری بار رکن اسمبلی منتخب ہوا ہوں۔ کابینہ میں پونچھ کو نمائندگی نہیں دی گئی۔ راجہ نصیر احمد خان کا کہنا تھا ”یہ کہاں کا میرٹ اور کہاں کا انصاف ہے، میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) بنانے والا ہوں“۔ صباح نیوز کے مطابق صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب کی جانب سے حلف کی ایک عبارت بھول جانے کی وجہ سے ریاست کی 9 رکنی کابینہ کو دو مرتبہ حلف اٹھانا پڑا۔ حلف اٹھانے والوں میں چوہدری طارق فاروق، مشتاق منہاس، فاروق سکندر خان، راجہ نثار احمد خان ، سردار میر اکبر خان، چوہدری محمد عزیز، ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان، نورین عارف اور سید افتخار علی گیلانی شامل ہیں۔
آزاد کشمیر کابینہ

ای پیپر-دی نیشن