• news

امریکہ میں حملہ ہوا تو جاپانی شہری گھروں میں ٹی وی دیکھیں گے: ٹرمپ

واشنگٹن (اے ایف پی) ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر امریکہ پر حملہ ہو گیا تو جاپانی گھروں میں بیٹھ کر سونی ٹی وی دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا جاپان کی حفاظت کیلئے امریکہ نے معاہدہ کیا ہے، امریکہ جاپان، جنوبی کوریا، جرمنی اور سعودی عرب اور دیگر ممالک کا دفاع کرتا ہے لیکن یہ ممالک اتنا ادا نہیں کرتے جتنا ہمارا خرچہ آتا ہے۔ انہوں نے کہا جاپان کو شمالی کوریا سے خطرہ کے پیش نظر خود دفاع کرنا ہو گا۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ صومالیہ کے مہاجرین کو ملک میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔ انتخابی ریلی سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ امریکہ نے عدم استحکام کے شکار ملکوں کے افراد کے لیے اپنے دروازے کھولے ہیں اور یوں کسی وقت بھی کوئی سر پھرا گھس آئے گا۔ ٹرمپ نے پناہ گزینوں کے بارے میں چھان بین کے عمل پر شک و شبہے کا اظہار کیا اور زور دیا کہ مہاجرین کے روپ میں دہشت گرد گھس آتے ہیں، اس روایت کو بند ہونا چاہئے۔ دوسری جانب اپنی 33 سالہ ملازمت کے دوران 6 امریکی صدر کے ساتھ کام کرنے والے سابق قائم مقام ڈائریکٹر سی آئی اے مائیکل مورل نے ڈونلڈ ٹرمپ کو جاہل اور غیر ذمہ دار شخص قرار دیتے ہوئے امریکہ کیلئے سکیورٹی رسک قرار دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن