• news

جہانگیر ترین نے مشرف دور میں 10 کروڑ قرض معاف کرایا‘ میڈیا رپورٹس ایک دھیلہ معاف نہیں کرایا‘ تاندلیانوالہ شوگر ملز ہارون اختر کی ہے: رہنما پی ٹی آئی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے مشرف دور میں 10 کروڑ 10 لاکھ کا قرض معاف کرایا۔ زرعی ترقیاتی بنک سے تاندلیانوالہ شوگر مل پر قرضہ حاصل کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹ میں اعظم خان سواتی نے سوال کیا کہ گزشتہ 30 سال میں 50 لاکھ یا اس سے زائد قرضہ معاف کرانے والوں کے نام دئیے جائیں جس پر وفاقی وزیر خزانہ نے رپورٹ پیش کی جس میں تاندلیانوالہ شوگر ملز کے ذمے 10 کروڑ 10 لاکھ کا قرضہ 2005ء میں معاف کرایا گیا۔ یہ قرضہ زرعی ترقیاتی بنک سے لیا گیا تھا اور شوگر ملز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں جہانگیر ترین بھی شامل تھے۔ اس وقت جہانگیر ترین وفاقی وزیر تھے اور مشرف دور میں قرضہ معاف ہوا۔
دوسری جانب جہانگیرترین کاکہنا ہے کہ انہوں نے زندگی میں کسی بھی بنک سے ایک دھیلے کا قرض معاف نہیں کرایا۔ تاندلیانوالہ شوگر مل انکی نہیں۔ نواز شریف کے مشیر ریونیو ہارون اختر کی ملکیت ہے۔ مسلم لیگ (ن) کو ریورس گیئرنہیں لگانے دوں گا‘ مسلم لیگ (ن) اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ بہت ہی جلد لو گ کہیں گے کہ نوازشریف کو انکے قریبی رفقا نے ڈبو دیا، بہت جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن