بھارت: پولیس نے 100روپے رشوت نہ دینے پر 2 مزدوروں کو ہلاک کردیا
نئی دہلی (اے پی پی) بھارتی ریاست اترپردیش میں پولیس نے 100روپے رشوت نہ دینے پر دومزدوروں کو مار مارکر ہلاک کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ اترپردیش کے ضلع مین پوری میں اس وقت پیش آیا جب پولیس نے اینٹوں سے بھرے ایک ٹرک کوروکا جس پر چارمزدور سوار تھے۔پولیس نے ان مزدوروں سے 100روپے کی رشوت طلب کی انکار پر مزدوروں پر بدترین تشدد کیا۔بعد ازاں دو مزدوروں کی نعشیں قریبی علاقہ کے ایک تالاب سے برآمد ہوئی۔ واقعے کے خلاف مرنے والوں کے لواحقین اورعلاقہ کے لوگوں نے مظاہرہ کیااورواقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ حکام کے مطابق دو محافظین سمیت 6پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔