سزا پوری ہونے پر 5غیر ملکی قیدی ملک بدر،ویزے کی تصدیق نہ ہونے پر جنوبی افریقی شہری کو پاکستان میں داخل ہونے سے روکدیا گیا
اسلام آباد+لاہور (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) ہیروئن کی سمگلنگ کے دھندے میں ملوث اور رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے زمبابوے کے باشندے سٹیفن سوانا سمیت 5غیر ملکی قیدیوں کو ملک بدر کر دیا ہے۔ سٹیفن سوانا دو سال پہلے ہیروئن سمگلنگ کیس میں پکڑا گیا تھا۔ اس نے کوٹ لکھپت جیل میں دو سال گزارے۔ ماضی میں منشیات کے ایسے غیر ملکی سمگلرز کو سزا مکمل ہونے پر جیلوں سے آزاد کر دیا جاتا تھا مگر اب وزیر داخلہ چودھری نثار کے سخت احکامات کی وجہ سے ایسے مجرموں کو ملک بدر کیا جارہا ہے۔ بے دخل ہونے والے قیدیوں میں 2خواتین اور 3مرد شامل ہیں۔ 4کا تعلق نائجیریا اور ایک کا زمبابوے سے ہے۔ تھلیمیا نامی خاتون کا تعلق زمبابوے اور جسٹینا اولوچی، سیلیٹس اور اسماعیلا کا تعلق نائجیریا سے ہے۔ جنوبی افریقہ کے شہری کو پاکستان میں داخلے سے روک دیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق جنوبی افریقہ کا شہری ٹیسون نجی پرواز پر دبئی سے اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچا تھا تاہم اسکے ویزے کی تصدیق نہ ہوسکی ۔ ٹیسون کو واپس لے جانے کیلئے متعلقہ ائیرلائن کے حوالے کردیا گیا ہے۔