• news

کراچی: شاپنگ مال میں آگ لگنے سے 70 دکانیں جل گئیں: کروڑوں کا نقصان

کراچی (نمائندہ نوائے وقت) ڈیفنس موڑ کے قریب آتشزدگی کے نتیجے میں 70سے زائد دکانوں میں موجود سامان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا جبکہ واقعہ کے بعد مارکیٹ کے دکانداروں نے کورنگی روڈ بلاک کر کے احتجاجی مطاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس موڑ کے قریب واقع گولڈ مارک شاپنگ سینٹر میں جمعے کی شب دوسری منزل پر لگنے والی آگ پر ہفتے کی صبح 6 بجے قابو پایا گیا۔ فائر بریگیڈ ذرائع کے مطابق آگ سے شاپنگ سینٹرکی دوسری منزل پر موجود تقریباً تمام دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں جبکہ 8 فائرٹینڈرز‘ایک اسنارکل‘ایک واٹر باوزنے آٹھ گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ واقعہ کے بعد مارکیٹ کے تاجروں نے کورنگی روڈ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین کا کہنا تھا کہ واقعہ کے بعد امدادی کام میں تاخیر کی گئی جس کے باعث اتنے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ‘ مظاہرین کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 200سے زائد دکانیں متاثر ہوئی ہیں کیونکہ آگ بجھانے کے دوران پانی نیچے کے فلور پر قائم دکانوں میں داخل ہوا جس سے بھاری مالیت کا سامان خراب ہوگیا ‘ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انکے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر موقع پر پہنچے اور مطاہرین سے مذاکرات کئے، انہوں نے کہاکہ مارکیٹ کے تاجروں پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی جائے جو ہونیوالے نقصان کا تخمینہ لگائے گی اور ان کے مطالبات اعلیٰ حکام تک پہنچائی جائیں گے جس کے بعد مظاہرین نے مظاہرہ ختم کی اور ٹریفک کی روانی بحال ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن