ڈیفنس سے میاں‘ بیوی کی گولیاں لگی نعشیں برآمد‘ چوہنگ میں مخالف کی فائرنگ سے باپ‘ بیٹا قتل
لاہور (سٹاف رپورٹر) ڈیفنس بی میں میاں بیوی کی گولیاں لگی نعشیں برآمد ہوئیں جبکہ چوہنگ میں باپ بیٹے کو مخالف نے قتل کر دیا۔ معلوم ہوا ہے کہ تھانہ ڈیفنس بی کے علاقہ کے رہائشی قمر اور اس کی بیوی کشور گھر کے اندر نعش موجود ہونے پر اہل علاقہ نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے بھجوا دیا۔ اہل علاقہ نے بتایا کہ گزشتہ رات قمر اور کشور کے درمیان جھگڑا ہو رہا تھا، صبح کمرہ بند ہونے اور دستک دینے کے باوجود نہ کھلنے پر دروازہ اہل علاقہ نے کھولا تو اندر میاں بیوی مردہ حالت میں پڑے ملے۔ پولیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے پستول بھی ملا ہے جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ قمر نے گھریلو ناچاقی پر اپنی بیوی کشور کو سر میں گولی مارنے کے بعد خودکشی کی۔ مقتول قمر کے بھائی ثمر کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ قمر اور کشور کے 7 سالہ بیٹے کو پولیس نے اسی مکان کے دوسرے کمرے سے برآمد کرلیا۔ دریں اثنا چوہنگ کے علاقے ملتان روڈ پر عمران نامی شخص نے پیشی پر جانیوالے مخالف امانت علی اسکے دو بیٹوں عدنان اور رضوان پر فائرنگ کردی جس سے امانت اور اسکا بیٹا عدنان جاں بحق اور رضوان شدید زخمی ہو گیا جس کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ عمران نے دہرے قتل کے بعد تھانے میں گرفتاری دیدی اور پولیس کو بتایا کہ امانت علی نے چند سال قبل اسکے بھائی کو قتل کر دیا تھا اور کیس کی پیروی سے باز رہنے کیلئے اسے مسلسل دھمکیاں دے رہاتھا جس کی وجہ سے وہ اسے قتل کرنے پر مجبور ہوگیا۔ پولیس کے مطابق حملے میں عمران کے اور ساتھی بھی شامل ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔