مانگا منڈی، فیروزوٹواں: ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق
مانگامنڈی + فیروزوٹواں + شیخوپورہ + فیروزوٹواں ( نامہ نگاران)مرغیوں سے بھرا تیز رفتار ڈالا سڑک کے کنارے ٹرک سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت ڈالے میں موجود تین افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ ڈالادینا ناتھ سے مرغیاں لیکر لاہور جا رہا تھا کہ مانگامنڈی اندرون شہر میں تیز رفتاری کے باعث ڈرائیورگاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گیا جس سے ڈالے میں سوار ندیم، شفاقت اور طاہر موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ اطلاع ملتے مانگامنڈی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعشوں کو تھانے لے گئی اور ورثاء کے حوالے کر دیا۔ دریں اثناء فیروزوٹواں واربرٹن روڈ پر رکشہ سے تصادم میں موٹرسائیکل سوار 2کزن جاں بحق ہوگئے۔ فیروزوٹواں محلہ ملک احمد خاں کا اصغر اپنے کزن اعظم جو کہ گھوڑے شاہ لاہور کا رہائشی تھا، کے ہمراہ اپنی خالہ کی فوتیدگی کے سلسلہ میں واربرٹن گئے ہوئے تھے۔ رات گئے واپس فیروزوٹواں آرہے تھے کہ جھگیاں پروکیاںکے قریب مخالف سمت سے آنیوالے تیز رفتار موٹر سائیکل رکشہ نے انہیں ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں دونوں کزن دور کھیتوں میں جاگرے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ڈرائیور رکشہ چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ مرنیوالوں کی نعشیں رات بھر کھیتوں میں پڑی رہیں، صبح سڑک سے گزرنے والے لوگوں نے نعش دیکھ کر بھکھی پولیس کو اطلاع کی۔ پولیس نے نعشوں کو قبضہ میں لیکر ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیں اور رکشہ قبضہ میں لیکر ڈرائیو ر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔