• news

راجن پور: ڈکیتی میں نوجوان قتل، ورثاء نے تھانے کا گھیرائو کر لیا، 5 گاڑیاں جلا دیں

راجن پور (نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگاران) جام پور میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نوجوان قتل ہو گیا۔ ملزمان کی عدم گرفتاری پر ورثاء اور شہریوں نے احتجاج کیا مظاہرین نے تھانہ داجل کا گھیرائو کر لیا اور پتھرائو بھی کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پولیس کی 5 گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ پتھرائو سے ڈی پی او سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے۔ ضلعی انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کرکے دفعہ 144 نافذ کر دی۔ رینجرز نے مظاہرین کو منتشر کرکے تھانہ داجل کا کنٹرول سنبھال لیا اور لوگوں کو گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی۔ پولیس نے مظاہرین کے ساتھ جھڑپ میں ربڑ کی گولیاں بھی چلائیں۔ نامہ نگاروں کے مطابق داجل محلہ پرارہ میں صبح سویرے محنت کش محمد دانش گھر سے باہر جا رہا تھا کہ 4 مسلح ڈاکوؤں نے اسے زبردستی دبوچ لیا اس کے شور مچانے پر اس کے بڑے بھائی خادم حسین آئے تو ڈاکوؤں نے اس پر فائرنگ کر دی جس کو شدید زخمی حالت میں ڈیرہ غازیخان روانہ کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی کو جاملے اس کے جاں بحق ہونے کی خبر پر مشتعل مظاہرین نے داجل جام پور روڈ‘ داجل حنیف غوری روڈ کو بلاک کر دیا۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے راجن پور میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نوجوان کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلی نے ہدایت کی ہے کہ واقعہ کا ہر پہلو سے جائزہ لیکر مکمل رپورٹ پیش کی جائے اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتارکرکے متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن