لاہور: 4 لاپتہ بچے مل گئے: شیخوپورہ‘ اغوا ہونے والے معصوم کی نعش برآمد
لاہور+ شیخوپورہ (نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) لاہور کے مختلف علاقوں سے لاپتہ ہونے والے 4 بچے گزشتہ روز مل گئے جن کو پولیس نے ان کے والدین کے حوالے کر دیا جبکہ شیخوپورہ کے تھانہ بھکھی کے علاقہ سکندر آباد سے دوروز قبل اغواہونیوالے بچے کی نعش قصبہ کھاریانوالہ کے کھیتوں سے ملی ہے بتایا گیا ہے کہ سکندرآباد سے اپنے گھر کے سامنے کھیلتے ہوئے بچے کو اغوا کرلیا گیا جس کی تلاش کیلئے اہل علاقہ اور اس کے ورثاء نے فیصل آباد ،لاہو ر روڈ بلاک بھی کیا اور دوروز بعد 6 سالہ سبحان کی نعش کھاریانوالہ کے کھیتوںسے مل گئی ہے۔علاوہ ازیں پرانی انارکلی پولیس نے گشت کے دوران اٹک کے رہائشی نویں جماعت کے طالب علم ارسلان کولاوارث دیکھنے کے بعد اس سے پوچھ گچھ کی، جس پر بچے نے بتایاکہ وہ ضلع اٹک کا رہائشی ہے اوراپنے بڑے بھائی سے لڑائی کر کے لاہور آیا ہے۔ پولیس نے بچے کے والد ین کے ساتھ رابطہ کیا اور بچے کے والد کو بلا کر ارسلان کو اس کے حوالے کر دیا۔ محلہ طارق آباد لالیاں،چنیوٹ کے رہائشی 2بچے چھٹی کلاس کا ہارون اور تیسری کلا س کا کاشف پڑھائی کے ڈرسے لاہور بھا گ آئے جن کو تھانہ پرانی انارکلی پولیس نے ایک پارک میں سوتے ہوئے دیکھا دیکھا اور دونوں کے والدین کو بلا کربچے ان کے حوالے کر دئیے ۔پولیس نے داتا دربار کے علاقہ س میںگھر سے بھاگے حافظ آباد کے رہائشی 12سالہ لڑکے ابرار کو اس کے والد ارشد کے سپرد کر دیا۔ علاوہ ازیں مزنگ پولیس نے گم ہونے والے قصور کے رہائشی 10 سالہ لڑکے حاسر علی کو اس کے والدین کے حوالے کر دیا ہے۔ ادھرفیصل آباد اور گوجرانوالہ سے 3 کمسن بچوں کو اغوا کرنیکی کوشش ناکام ہو گئی جبکہ پتوکی‘ پھولنگر اور سیالکوٹ سے لاپتہ ہونے والے بچے مل گئے۔ فیصل آباد کے علاقے پیپلزکالونی کے بشیر نظامی چوک میں محمد سلیم کے 12سالہ بیٹے حلیم کو ملزم قاسم نے اغوا کی کوشش کی۔ پتوکی کے محلہ حاجی کوٹ سے 13 سالہ مظہر جو دو ماہ قبل لاپتہ ہو گیا تھا۔ بچے کے والدین بچے کی تلاش میں ایدھی ہوم لاہور پہنچ گئے ایدھی ہوم لاہور کی انتظامیہ نے بتایا کہ مظہر ہمارے پاس تھا اب ہم اس کو ایدھی ہوم ملتان شفٹ کر دیا ہے۔ بچے کے والدین ملتان پہنچے تو ایدھی ویلج خانیوال روڈ کی انتظامیہ نے بچے کی شناخت کرکے بچے کے والدین کے سپرد کر دیا۔ پھول نگر سے تین روز قبل لاہور سے لاپتہ ہونے والا بچہ کوٹ رادھاکشن روڈ سے مل گیا۔ سیالکوٹ کے تھانہ اگوکی کے علاقہ روحیل گڑھا سے لاپتہ ہونے والا پندرہ سالہ لڑکا اعظم لاہور سے مل گیا۔ گوجرانوالہ میں شیخوپورہ موڑ کے رہائشی محنت کش ریاض کے بارہ سالہ بیٹے فیاض کو ملزم نوید اختر نے مبینہ طور پر اغواء کرنے کی کوشش کی اس دوران محلے داروں نے ملزم کو قابو کرنے کے بعد اسکی تھپڑوں اور مکوں سے خوب خاطر تواضع کی تاہم واقعہ کی اطلاع پا کر موقع پر پہنچنے والی سبزی منڈی پو لیس نے ملزم کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کیا۔