لاہور: قبضہ گروپوں، زمینوں کے فراڈ میں ملوث ملزموں کی وارداتیں بڑھ گئیں
لاہور (میاں علی افضل سے) صوبائی دارالحکومت میں قبضہ گروپوں، زمینوں کے فراڈ میں ملوث ملزمان کی وارداتوں میں تیزی آ گئی، چند ماہ میں 15ہزار سے زائد شہری زمینوں کی خرید و فروخت میں فراڈ کا نشانہ بنے۔ ہزاروں شہری اربوں روپے کی جمع پونجی سے محروم ہو گئے۔ عمر بھر کی جمع پونجی لوٹے جانے پر شہری اور ان کے اہل خانہ خودکشیوں پر مجبور ہو گئے جبکہ پولیس کی جانب سے قبضہ گروپوں اور زمینوں کی خرید و فروخت میں ملوث بااثر افراد کیخلاف مناسب کارروائی نہیں کی جارہی، مقدمات کے اندارج کے باوجود 10ہزار کے قریب فراڈیوں اور قبضہ گروپوں کیخلاف تفتیش ہی مکمل نہیں کی جا سکی۔ سب سے زیادہ وارداتیں صدر ڈویژن میں ہوئیں۔ پولیس رپورٹ کے مطابق چند ماہ کے دوران پراپرٹی کے فراڈ سے متعلق مجموعی طور پر 15ہزار 48 فراڈ رپورٹ ہوئے، سٹی ڈویژن میں 2 ہزار 430 شہریوں سے زمینوں کی خریدو فروخت میں اربوں روپے لوٹ لئے گئے۔ کینٹ ڈویژن میں 2 ہزار 874 شہریوں سول لائن ڈویژن میں1ہزار 514شہریوں اقبال ٹائون ڈویژن میں 2ہزار 57شہریوں، ماڈل ٹائون ڈویژن میں 2ہزار 835شہریوں، صدر ڈویژن میں 3ہزار 338شہریوں سے زمینوں کی خرید و فروخت میں اربوں روپے لوٹ لئے گئے جبکہ پولیس شہریوں سے فراڈ میں ملوث ہزاروں مقدمات کے ملزمان کیخلاف تفتیش مکمل نہیں کر سکی۔