• news

ترکی‘ 10 غیرملکی گرفتار: روس سے تعلقات کی تجدید چاہتے ہیں: اردگان

انقرہ (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) عرب ٹی وی کے مطابق ترکی میں ناکام فوجی بغاوت میں ملوث ہونے کے الزام میں دس غیرملکیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری طرف ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے جلد مذاکرات کی امید کا اظہار کیا ہے جس کا مقصد روس کے ساتھ باہمی تعلقات میں بہتری لانا ہے۔ ترک صدر نے کہا کہ دونوں ممالک مِل کر خطے میں امن و سلامتی کی بحالی کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ مزید برآں ترک صدر اردگان نے کہا نئے سرے سے ماسکو سے تعلقات کی تجدید چاہتے ہیں۔ بغاوت کیخلاف روسی صدر پیوٹن کے تعاون پر شکرگزار ہیں۔ شام امن معاملے میں روس کو اہم حیثیت حاصل ہے۔ دریں اثناء ترک نائب وزیراعظم نعمان کرنلمس نے بتایا کہ 15 جولائی کی ناکام بغاوت میں ملوث 186 فوجی اور 30 پولیس اہلکار اب تک مفرور ہیں۔ مفرور فوجیوں میں 9 جنرل بھی شامل ہیں۔ اب تک ہزاروں فوجیوں کو گرفتار اور 3 ہزار سے زائد فوجیوں کو برطرف کیا جا چکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن