سعودی عرب میں پہلی مرتبہ داخلے پر ویزا فیس 2 ہزار ریال مقرر
طائف (ممتاز احمد بڈانی) سعودی کابینہ نے پہلی مرتبہ سعودی عرب میں داخلہ ویزا کی فیس 2 ہزار ریال مقرر کی ہے البتہ حج یا عمرے پر پہلی مرتبہ آنے والوں سے یہ فیس نہیں لی جائے گی۔ بلکہ اس کی جانب سے یہ فیس ریاست برداشت کریگی ملٹی پل داخلہ ویزا کی فیس چھ ماہ کیلئے تین ہزار ریال ایک سال کے ویزے پر پانچ ہزار ریال او دو برس کے ویزے پر آٹھ ہزار ریال وصول کی جائے گی۔ مذکورہ فیصلے سعودی عرب اور دیگر ممالک کے درمیان دو طرفہ معاہدوں پر اثر انداز نہیں ہونگے۔ ٹرانزٹ ویزے کی فیس تین سو ریال ہوگی۔ سعودی عرب کی بندرگاہوں کے راستے جانے والے ہر مسافر سے ویزا فیس پچاس ریال وصول کی جائے گی۔ خروج، وعودہ کی دو ماہ کے دوران ایک سفر دو سو ریال اور ہر اضافی مہینے پر 100 ریال وصول کئے جائیں گے۔ خروج وعودہ کا ویزا اقامے کی موثر مدت تک دیا جائیگا۔ تین ماہ کے دوران کئی ماہ تک آنے جانے کا ویزا جاری کرنے پر پانچ سو ریال اور ہر اضافی مہینے پر دو سو ریال لئے جائیں گے۔ ٹریفک نظام کی دفعہ 63 میں بھی ترمیم کی گئی ہے۔ اس کے تحت ہر ڈرائیور پر جو ٹریفک حادثے کا فریق ہوگا۔ اس کی گاڑی جائے وقوعہ پر روک لی جائے گی۔ حادثے کے متاثرین کو ممکنہ مدد دی جائے گی۔ حادثہ کرنے والے نے ذمہ داری پوری نہ کی تو اس پر زیادہ سے زیادہ دس ہزار ریال جرمانہ یا تین ماہ تک قید یا دونوں سزائیں بیک وقت دی جائیں گی۔