• news

نئی نسل جہد مسلسل کو شعار بنائے ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرے عبدلعزیز قریشی، مرزا احمد حسن

لاہور(خبرنگار) تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کارکنان عبدالعزیز قریشی اور مرزا احمد حسن نے کہا ہے کہ یہ ملک آگ اور خون کے دریا عبور کر کے حاصل کیا گیا۔ نئی نسل جہد مسلسل کو اپنا شعار بنائے اور ملکی تعمیروترقی میں اپنا بھرپورکردار ادا کرے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں جاری تقریبات یوم آزادی کے سلسلے میں ’’میں نے پاکستان بنتے دیکھا‘‘ کے عنوان سے لیکچرکے دوران کیا۔ عبدالعزیز قریشی نے کہا کہ قائداعظمؒ کے قول ’’ایمان ،اتحاد ،تنظیم‘‘ پر عمل کرکے ہم ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں۔ مرزا احمد حسن نے کہا کہ تحریک پاکستان کے ایام میں ہمارے جذبے جواں تھے اور ہم پاکستان کے حق میں زبردست نعرے لگایا کرتے تھے۔ میرا طلبہ کیلئے یہ پیغام ہے کہ وہ سائنس ٹیکنالوجی کی تعلیم ضرور حاصل کریں۔ عبدالعزیز قریشی اور مرزا احمد حسن نے پروگرام کے دوران تحریک پاکستان‘ 1945-46ء کے دوران مسلم لیگی امیدواروں کی انتخابی مہم کے حوالے سے متعدد واقعات بھی سنائے۔

ای پیپر-دی نیشن