گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام میں خامیوں سے دہشتگرد فائدہ اٹھاتے ہیں: سلمان صوفی
لاہور (خبر نگار+ نامہ نگار) سپیشل مانیٹرنگ یونٹ (لاء اینڈ آرڈر) کے زیر اہتمام غیر رجسٹرڈ اپلائیڈ فار اور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ جس میں سینئر ممبر ایس ایم یو سلمان صوفی، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول احمد بلال، سی سی پی او لاہور محمد امین وینس، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ نے شرکت کی۔ سلمان صوفی نے بتایا کہ دہشت گرد گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام میں خامیوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ ایکسائز اور سی سی پی او آفس باہمی روابط کو مزید بہتر بنانے اور ڈیٹا کی فراہمی کیلئے فوکل پرسن کاتقرر اور محکمہ ایکسائز جلد ہی سی سی پی او آفس کے تعاون سے جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف مہم کا آغاز کرے گا جس کے تحت نہ صرف ایسی گاڑیوں کے مالکان کو جرمانہ کیا جائے گا بلکہ رجسٹریشن کے کاغذات کی تکمیل تک گاڑی ضبط بھی رکھی جائے گی۔