• news
  • image

تعلیم کسی کی میراث نہیں :شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف سے چکوال کے گاؤں تھنیل فتوحی میں جھگیوں میں رہنے والی ہونہار طالبہ نرگس گل نے ملاقات کی۔ وزیر اعلی نے راولپنڈی بورڈ کے تحت میٹرک امتحانات میں سائنس مضامین میں 1004 نمبر لینے پر طالبہ نرگس گل کو مبارکباد دی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے مفت گھر دینے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلی نے طالبہ نرگس گل کو 5 لاکھ روپے کا چیک اور لیپ ٹاپ بھی دیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ طالبہ لاہور یا چکوال جہاں چاہے گی اسے مفت گھر لیکر دیں گے اور اس کے تمام تعلیمی اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 5 لاکھ روپے سے حاصل ہونے والی آمدن طالبہ نرگس گل اور ان کے خاندان کی روزمرہ اخراجات کیلئے ہے جبکہ پنجاب حکومت طالبہ نرگس گل کے تعلیمی اخراجات اس کے علاوہ خود برداشت کرے گی- انہوں نے کہا کہ طالبہ نرگس گل نے مشکل حالات میں اپنی محنت کی بدولت سائنس مضامین میں نمایاں نمبر حاصل کئے ہیں۔ یہ ہونہار طالبہ پاکستان کا روشن چہرہ اور تابناک مستقبل ہے اور قوم کی یہ بیٹی ہمارا فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرگس گل جب تک تعلیم حاصل کرنا چاہے گی پنجاب حکومت اس کے تعلیمی اخراجات برداشت کرے گی۔ نرگس گل کی بیمار نانی اماں کا مفت علاج کرایا جائے گا۔ شہباز شریف نے بہاولپور میں کانگو وائرس سے ایک نرس اور ڈاکٹرکے جاں بحق ہونے کے حوالے سے انکوائری رپورٹ کی روشنی میں بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو فی الفور معطل کرنے جبکہ پرنسپل قائداعظم میڈیکل کالج کو او ایس ڈی بنانے کاحکم دیا ہے۔ انہوں نے صوبہ بھر میں عیدالاضحی کے حوالے سے کانگو وائرس سے بچائو کیلئے جامع اور موثر ایکشن پلان مرتب کرنے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کانگو وائرس کے حوالے سے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کیلئے جامع تربیتی پروگرام شروع کیا جائے۔ 3 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ویڈیو کانفرنس کے دوران صوبہ بھر میں کانگووائرس کی صورتحال اور اس سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا مجھے ایک ایک جان عزیز ہے اور میں کسی صورت غفلت اور لاپراوہی کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کی اجازت نہیں دے سکتا۔ ایک اور اجلاس میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ لاہور میں میٹروبس سسٹم کے فیڈر روٹس کے لئے جدید بسوں کا جلد آغاز کیا جارہاہے اوراس ضمن میں پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور پہلے مرحلے میں شہر کے 14 روٹس پر جدید ائیر کنڈیشنڈ بسیں جلد رواںدواں ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ملتان میٹرو بس کا منصوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ایک شاندار تحفہ ہے اور میٹرو بسیں چلنے سے عوام کو جدید، معیاری اور تیز رفتاری سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔ ملتان میٹرو بس منصوبے پر دن رات کام ہو رہا ہے اور اس پراجیکٹ کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میںگریٹر اقبال پارک پراجیکٹ کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک پاکستان کے دوران دی جانیوالی عظیم قربانیوں سے نئی نسل کو روشناس کرانا ایک قومی اور ملی ذمہ داری ہے اوراس حوالے سے تحریک پاکستان کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے گریٹر اقبال پراجیکٹ خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ شہباز شریف نے سابق چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ کے پوتے اور سینئر اداکارہ دیبا بیگم کے شوہر نعیم رضوی، سابق گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان و چیئر مین پاکستان بورڈ آف ریونیو اور چیئر مین پاکستان بورڈ آف انوسٹمنٹ آفتاب غلام نبی قاضی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن