• news

انٹیلی جنس ایجنسیاں دشمن کے عرابئم ناکام بنانے کے لئے دن رات کام کر رہی ہیں:نواز شریف

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی/ نامہ نگار/ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم دہشتگردی کو ختم کرنے کے لئے پہلے سے زیادہ عزم سے آگے بڑھیں گے‘ ہم نے ہر قیمت پر اس نظریئے کو شکست دینی ہے‘ ان مکروہ عزائم کو خاک میں ملائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ہمارا اتحاد ہی شیطانی قوتوں کو منہ توڑ جواب دے سکتا ہے، پاکستان کی حکومت‘ عوام‘ مسلح افواج اور قومی سلامتی کے ادارے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں متحد ہیں اور متحد رہیں گے اور اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری ہمارے دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی‘ ان کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمارا متحد ہونا ضروری ہے‘ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر پاکستان خاموش نہیں رہ سکتا‘ پاکستان کو ہر مکتبہ فکر‘ عقیدے‘ رنگ و نسل کے لوگوں کے لئے محفوظ سرزمین بنانا ہمارا مشن ہے‘ یہ پوری قوم اور سیاسی جماعتوں کا مشن اور قائداعظم کا وژن ہے، پاکستان کے انٹیلی جنس ادارے دن رات محنت کرکے دہشتگردی کو ناکام بنانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انٹیلی جنس ایجنسیاں دشمن کے عزائم ناکام بنانے کے لئے دن رات کام کر رہی ہیں۔ قومی اسمبلی میں سانحہ کوئٹہ پر پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعہ نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گمراہ عناصر کبھی اسماعیلی برادری کو کراچی میں ٹارگٹ کر رہے ہیں تو کبھی کوئٹہ میں ہزارہ برادری کو دہشتگردی کا نشانہ بنا رہے ہیں‘ کبھی پشاور میں چرچ پر حملہ کیا جارہا ہے تو کبھی آرمی پبلک سکول میں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اقلیتی برادری کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیاں کی جارہی ہیں‘ ایسے عناصر عوام اور پاکستان کے دشمن ہیں‘ ہم نے ہر قیمت پر اس نظریے کو شکست دینی ہے‘ دہشتگردی کے پیچھے کارفرما ذہن انتہائی مکروہ ہے اور وہ پاکستان میں امن و امان بہتر ہوتا ہوا نہیں دیکھ سکتا۔ بلوچستان بہتر ہوتا اسے برداشت نہیں۔ ہم ان مکروہ عزائم کو خاک میں ملائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ہم نے ہر سطح پر آگاہی مہم چلائی ہے۔ ان حالات میں پاکستان خاموش نہیں رہ سکتا۔ ہمارے قومی سلامتی کے ادارے پاکستان کی سرحدوں اور پاکستان کے اندر سخت اقدامات اٹھانے میں حق بجانب ہیں‘ ریاست کی حفاظت کے ساتھ ساتھ سرحدوں کے اندر زندگی کو محفوظ بنانا بھی ان کی ذمہ داری ہے۔ ہر مکتبہ فکر‘ عقیدے‘ رنگ و نسل کے لوگوں کے لئے پاکستان کو محفوظ سرزمین بنانا ہمارا مشن ہے۔ پاکستان کے انٹیلی جنس ادارے دن رات محنت کرکے دہشتگردی کو ناکام بنانے میں مصروف ہیں، انہوں نے دہشتگردی کے سینکڑوں منصوبے ناکام بنائے۔ دہشتگردوں کا براہ راست ہدف پاکستان کی اساس ہے۔ مسلح افواج سے عام شہریوں تک ہر پاکستانی ‘ قوم کے ان دشمنوں کا ہدف تھا۔ پاکستان کی حکومت‘ عوام‘ مسلح افواج‘ قومی سلامتی کے ادارے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں متحد ہیں اور متحد رہیں گے۔ گمراہ عناصر جس نظرئیے کے تحت ہمارے دشمن ہو گئے ہیں یہ وہی نظریہ ہے جس نے محترمہ بے نظیر بھٹو کو شہید کیا یہ وہی نظریہ ہے جو ہمارے طرز زندگی ہمارے آئین ، عدلیہ اور قومی سلامتی کے اداروں کا دشمن ہے یہ ہمارے عوام کا دشمن ہے ہم نے ہر قیمت پر اس نظریے کوشکست دینی ہے۔ یہ واقعہ باقاعدہ منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے اور جس کے پیچھے کام کرنے والا ذہن انتہائی مکروہ عزائم کا حامل ہے یہ وہی ذہن ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب قومی قیادت کا متفقہ ایجنڈا ہے۔ آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان قومی عزم کا منظور کردہ ایجنڈا ہے۔ ہر صورت آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن