• news

وزیر اعظم کیخلاف ریفرنس سپیکر کو جمع کرائینگے افغان مہاجرین کو زبردستی نکالانہیں جاسکتا:عمران

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) عمران نے وزیراعظم نوازشریف کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی کے پاس ریفرنس جمع کرانے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف ریفرنس تیار کر رہے ہیں، چاہتا ہوں میری اور ان کی سماعت ایک ساتھ ہو، پارلیمنٹ کو وزیر اعظم ہی مضبوط کرتے ہیں مگر وہ خود پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر جھوٹ بولتے ہیں ، وزیر اعظم ہی پارلیمنٹ کو جوابدہ نہیں تو ایوان کیسے مضبوط ہو گا ، وزیر اعظم نے خود پارلیمنٹ کو کمزور بنا دیا ہے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ ہم پانچ مہینے سے پانامہ لیکس کے معاملے جواب مانگ رہے ہیں مگر جواب دینے کے بجائے اپوزیشن پر حملے ہو رہے ہیں۔ طوطا مینا کی کہانی سنانے سے پارلیمنٹ مضبوط نہیں ہوئی۔ وزیر اعظم نواز شریف پر ٹیکس اور کرپشن کے الزامات ہیں۔ ایف بی آر اور نیب کو وزیر اعظم کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے تھی۔ عمران خان نے کہا کہ موقع دیکھ کر ہی اسمبلی میں جائوں گا۔ کوئٹہ کے جو حالات دیکھے وہ بیان نہیں کر سکتا ۔ عسکری اداروں کے خلاف بیانات ٹھیک نہیں ہیں۔ سندھ اور پنجاب کی پولیس دہشتگردوں سے نہیں لڑ سکتی۔ پنجاب پولیس چھوٹو گینگ سے نہیں لڑسکتی تو دہشتگردوں سے کیا لڑے گی۔ حکمرانوں نے مک مکا کر کے پاکستان کی بندربانٹ کی ہوئی ہے۔ میں اپنی حلال کی کمائی کر کے پاکستان لایا ہوں اور یہ لوگ حرام کی کمائی کرکے پیسہ پاکستان سے باہر لے گئے ہیں۔ دوسری جانب افغان مہاجرین کے وفد نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر عمران نے کہا افغان مہاجرین کو تین ماہ سے ہراساں کیا جا رہا ہے، یہ سلسلہ فوری بند کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے سے بھی کہا ہے وہ افغان مہاجرین سے ملیں، عالمی قوانین کے تحت کوئی ریاست زبردستی مہاجرین کو واپس نہیں بھیج سکتی۔ ملاقات میں رستم شاہ مہمند بھی شریک تھے۔علاوہ ازیں پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا کہ افغان مہاجرین کو عزت و احترام دیا ہے۔ وفاقی حکومت نے افغان مہاجرین کو توسیع دی۔ وفاقی حکومت کے فیصلے پر عمل درآمد کریں گے۔ افغان مہاجرین جب تک ہیں ہمار ے مہمان ہیں۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کل 13 اگست کو راولپنڈی سے اسلام آباد تک ریلی نکالے گی جس کی قیادت عمران خان کریں گے۔ تحریک انصاف کے ایم پی اے راجہ راشد حفیظ نے ڈی سی او راولپنڈی کو خط لکھا ہے جس میں ضلعی انتظامیہ کو پی ٹی آئی کی جانب سے 13اگست کی ریلی کے روٹ سے آگاہ کیا گیا ہے۔ ادھر راولپنڈی انتظامیہ نے ریلی، جلوس اور جلسوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق 13 اگست سے کوئی سیاسی جماعت ریلی یا جلسہ نہیں کر سکے گی۔ پابندی کوئٹہ دہشت گردی کے تناظر میں لگائی، جلسہ یا ریلی کھلے میدان یا سڑکوں پر نہیں کیا جا سکے گا پابندی پنجاب حکومت کے احکامات پر لگائی گئی سیاسی جماعتیں اپنی سرگرمیاں چار دیواری کے اندر کر سکیں گی۔علاوہ ازیں تحریک انصاف کی سینئر قیادت کا اجلاس آج بنی گالہ میں طلب کر لیا گیا ہے۔ جس میں راولپنڈی سے اسلام آباد ریلی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ پارٹی قیادت ریلی کے روٹ اور پلان پر بریفنگ، سیاسی صورتحال، ٹی او آرز اور دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطوں پر بھی بات کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن