مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر تشوویش سانحہ کوئٹہ میں ’’را‘‘ کا ملوث ہونا خارج ازامکان نہیں :پاکستان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + بی بی سی + آئی این پی) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ میں بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ’’را‘‘ کا ملوث ہونا خارج از امکان نہیں کیونکہ را کی دہشت گردی کے بارے میں کل بھوش کے بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں۔ ترجمان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دران ایک سوال کے جواب میں یہ بات کہی۔ اس موقع پر سانحہ کوئٹہ کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی بھی کرائی گئی۔ انہوں نے اقلیتوں کے دن کے حوالہ سے اقلیتوں کو اور 14 اگست کے یوم آزادی کی قوم کو پیشگی مبارک دی۔ ترجمان نے کہا کہ کوئٹہ میں 8 اگست کو ہونے والے ہولناک دھماکے پر پورا ملک غمزدہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر افسوس ہے۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی ہے- ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائیٹس واچ نے بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تحفظات کا اظہار کیا ہے- مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہیں- پاکستان نے اعلی سیاسی سطح تک معاملہ اٹھایا اور اقوام عالم پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں۔ پاکستان نے چھروں سے زخمی ہونے والے افراد کے علاج کا بھی اعلان کیا ہے۔ پاکستان میں گرفتار ہونے والے امریکی شہری میتھیو کے معاملے پر تحقیقات جاری ہیں- میتھیو کو امیگریشن دینے والے افسران کا تعین کیا جا رہا ہے افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔ را کراچی اور کوئٹہ میں امن مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ کلبھوشن کے بیان پر بھی تحقیقات جاری ہیں۔ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔ جن محنت کشوں کے پاس ویزا ہے ان کو ملازمت تلاش کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان تمام پڑوسیوں بالخصوص افغانستان سے اچھے تعلقات برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔ بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی دراندازی کے الزامات مسترد کرتے ہیں- ہم خود دہشت گردی سے متاثر ہیں پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔ پاکستان اپنی سرزمین دہشتگردی کے لیے کسی کے بھی خلاف استعمال نہ ہونے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکام کی طرف سے جارحانہ بیانات سے امن دشمنوں کو فائدہ ہو گا۔ آئی این پی اور بی بی سی کے مطابق ترجمان نفیس نے کہا کہ بھارتی ایجنسیاں پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث رہی ہیں‘ مقبوضہ کشمیر سے پاکستانی کی گرفتاری کے بھارتی الزام کو مسترد کرتے ہیں‘ انسانی حقوق کی تنظیموں‘ اقوام متحدہ ‘ آذربائیجان‘ ترکی نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی مذمت کی ہے اور امریکہ اور چین نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔