عمران کو ملکی آزادی کے مہینے میں ہی احتجاج کا دورہ کیوں پڑتا ہے: امیر مقام
اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ہرمحب وطن سوال کررہا ہے کہ عمران خان کو پاکستان کی آزادی کے مہینے میں ہی احتجاج کا دورہ کیوں پڑتا ہے مسلم لیگ (ن) پورے ملک کی طرح خیبر پختونخوااور فاٹا کے غیور عوام کے ساتھ مل کر جشن آزادی بھرپور قومی وملی جذبے سے منائے گی۔جمعرات کو پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پورے خیبرپختونخوا اور فاٹا میں مسلم لیگ (ن) کے عہدیدار اور کارکن ضلع، تحصیل اوریونین کونسل کی سطح پر بھرپور قومی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے سبزہلالی پرچم لہرائیں اور جشن آزادی منائیں۔ اس موقع پر تمام شہداءبالخصوص اے پی ایس اور کوئٹہ کے شہداءکے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہاکہ عمران خان احتجاج کے لئے کوئی اور مہینہ چُن لیں اور 15 اگست کو ہمارے ساتھ مل کر یوم سیاہ منائیں اور بھارتی بربریت کے خلاف میدان میں نکلیں تاکہ پوری دنیا کو معلوم ہوکہ کشمیر کے لئے پورا پاکستان ایک ہے۔