• news

بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے آگاہی، قانون پر عمل کر رہے ہیں: چیئرمین نیب

اسلام آباد (این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے نیب انسداد بد عنوانی کا اعلیٰ ادارہ ہونے کی حیثیت سے ملک سے بد عنوانی کے خاتمہ کیلئے آگاہی، تدارک اور قانون پر عملدرآمد کی کثیر جہتی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ”بدعنوانی سے انکار“ کے عنوان سے کلرنگ بک کی افتتاحی تقریب نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ یہ کتاب نیشنل کالج آف آرٹس لاہور نے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے تعاون سے پرائمری سطح کے بچوںکیلئے خاص طورپر مرتب کی ہے۔ قمر زمان چوہدری نے صدارتی خطاب میں کہا بچے ہمارا کل ہیں وہ بڑے ہو کر زندگی کے مختلف شعبوں میں رہنمائی کریں گے۔ آج جو ہم انہیں سکھائیں گے وہی وہ کل مستقبل میں کریں گے، یہی وجہ ہے نیب نے پرائمری سطح کے بچوں کیلئے کلرنگ بک تیار کی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے نیب بچوں کو ان کے اساتذہ کے ذریعے ابتدائی عمر میں اس کلرنگ بک کے ذریعے بد عنوانی کے خاتمے کی مہم میں شامل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ کتاب میں بد عنوانی کی مختلف اشکال کو واضح کیا گیا ہے اور اس سے ہماری نسل نو کے ذہنوں سے بد عنوانی سے متعلق سوچ تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔ اس سے بچوںکو بد عنوانی کے برے اثرات سے آگاہی حاصل ہو گی۔ تقریب سے پاکستان سے بد عنوانی کیلئے ہماری کوششیں اور عزم ظاہر ہوتا ہے۔ انسداد بد عنوانی تعلیم کا حصہ بننے سے مستقبل میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں استعمال کیا جاسکے گا۔

چیئرمین نیب

ای پیپر-دی نیشن