نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل نہ ہونے سے ضرب عضب متاثر ہو رہا ہے: آرمی چیف
راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر +آئی این پی+ آن لائن + نوائے وقت رپورٹ)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر پیش رفت نہ ہونے سے ضرب عضب متاثر ہو رہا ہے، بعض حلقوں کے بیانات اور تجزیے قومی کاز کونقصان پہنچا رہے ہیں، فریقین کی طرف سے بامعنی اور مناسب اقدامات نہ ہونے سے امن قائم نہیں ہوگا، نیشنل ایکشن پلان ہمارے مقاصد کے حصول کا ذریعہ ہے، اس کی سست روی سے آپریشن ضرب عضب کے استحکام کا مرحلہ متاثر ہو رہا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ اختتام کے قریب ہے، پاک سرزمین سے دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ کرکے رہیں گے، پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، تمام ادارے باہمی تعاون سے شدت پسندی کا خاتمہ یقینی بنائیں، آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل کے زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹر میں اجلاس ہوا جس میں پرنسپل سٹاف آفیسرز، ڈی جی آئی ایس آئی اور کور کمانڈر راولپنڈی نے شرکت کی۔ آرمی چیف نے کہا پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ تمام ادارے باہمی تعاون سے شدت پسندی کا خاتمہ یقینی بنائیں۔ امن واستحکام کو یقینی بنانے کیلئے کوششیں کرنے پر عوام، تمام سکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ دہشتگردی کے خلاف ہماری کوششوں کو کامیاب کرنے کے لئے مربوط قومی ردعمل ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے مثبت اثرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ کچھ عناصر کے ترغیبی بیانات اور تھیوریاں قومی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔ آپریشنز کے نتیجے میں ملک کی سکیورٹی صورتحال میں کافی بہتری آئی۔ پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے‘ کامیابیوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے قومی رسپانس میں یکجہتی ضروری ہے۔ آرمی چیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام رخوں سے بامعنی پیش رفت نہ ہوئی تو دہشت گردی کا لاوا پکتا رہے گا۔ تمام ادارے باہمی تعاون سے شدت پسندی کا خاتمہ یقینی بنائیں۔ آن لائن کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونے سے آپریشن ضرب عضب کے مقاصد متاثر ہو سکتے ہیں۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے اہداف، پیش رفت پر سست روی اور آپریشن ضرب عضب پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ ہم طویل عرصے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کر رہے ہیں۔ ملک سے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے لیکن سست روی سے آپریشن ضرب عضب متاثر ہوا۔