• news

عمران یوم آزادی پر سیاہ پرچم کیوں لہراتے ہیں : پرویز رشید‘ اصل ہدف وزیراعظم کی کرسی ہے : حمزہ شہباز

اسلام آباد+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ قوم یوم آزادی پر سبز ہلالی پرچم لہراتی ہے عمران سیاہ پرچم کیوں لہراتے ہیں ؟اس سچائی سے انکار کیوں ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کا نام کسی آف شور کمپنی میں نہیں مگر عمران خان اور ان کے حواریوں کے نام آف شور کمپنیوں کی فہرست میں موجود ہیں، قومی وحدت کے دن عمران قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کیوں کرتے ہیں۔ اپنے بیان میں پرویز رشید نے عمران خان سے پانچ سوالوں کا جواب پوچھتے ہوئے کہا ہے کہ ہر یوم آزادی کی خوشی میں عمران خان احتجاج کر کے کس دشمن کو مذاق اڑانے کا موقع فراہم کرتے ہیں ؟ قوم یوم آزادی پر سبز ہلالی پرچم لہراتی ہے لیکن عمران خان سیاہ پرچم کیوں لہراتے ہیں ؟ قومی وحدت کے دن عمران قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کیوں کرتے ہیں ؟کیا یہ سچ نہیں کہ عمران خان کو ملنے والی چیئریٹی کی رقم کو ذاتی اکاﺅنٹ میں منتقل کرنے پر برطانیہ میں تحقیقات ہو رہی ہے؟ مجھے یقین ہے کہ جھوٹ کے راستے پر گامزن عمران ان سوالوں کا جواب سچائی سے کبھی نہیں دینگے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان کے ٹارگٹ بدلتے رہتے ہیں مگر ان کا اصل ہدف وزیراعظم کی کرسی ہے جس کے نہ ملنے پرمجھے ان سے ہمدردی ہے وہ چاہیں تو میں انہیں اپنی جیب سے شیروانی سلوا کر دے سکتا ہوں وہ جہاں سے گزریں گے لوگوں سے کہیں گے کہ انہیں وزیراعظم کہنا شروع کردیں۔ چور دروازوں ، دھرنوں اور جھوٹے الزامات سے عزت نہیں ملتی- آزاد کشمیر کے انتخابات میں 32کے مقابلے میں 2سیٹیں حاصل کرنے والے لوگوں کو کیا بتائیں گے -یہ انتخابی نتائج عوامی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، ماضی میں عمران خان کی طرف سے عائد کئے گئے دھاندلی کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے۔ آج پھر وہ کون سے احتساب کی بات کررہے ہیں پہلے وہ اپنے دائیں بائیں کھڑے جہانگیر ترین کا احتساب کرکے کروڑوں روپے کے قرضے واپس جمع کرائیں، علیم خان سے قبضے واگذار کرکے لوگوں کی زمین واپس کرائیں پھر کسی اور کے احتساب کی بات کریں۔ اللہ تعالی عمران خان کو ہدایت عطا کرے کہ وہ پہلے خیبر پی کے میں عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کریں۔ اپوزیشن کے تمام تر پراپیگنڈے کے باوجود وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کا سفر جاری ہے ، ساہیوال میں کوئلے سے بجلی کا منصوبہ وقت سے 7مہینے قبل مکمل ہونے جارہا ہے ، ٹیکسٹائل ملوں کو 24گھنٹے بجلی و گیس کی فراہمی جاری ہے ، اقتصادی راہداری کا منصوبہ شروع ہونے جارہا ہے ، اورنج لائن ٹرین اور دیگر منصوبے مکمل ہورہے ہیں۔ اکانومسٹ نے پاکستانی معیشت کو پانچویں نمبر پرترقی و بہتری کی طرف جاتا ہوا قرار دیا ہے۔یوم آزادی کے موقع پر ہم سب کو جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے جوانوں کو یاد رکھنا چاہیے اور ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کی دعا کرنی چاہیے۔ ڈپٹی میئر کے انتخاب کے موقع پر قربانی دینے والے مسلم لیگ (ن) کے دیرینہ کارکنوں کو آگے لایا جائے گااور اہل کارکنوں کو ذمہ دا
ریاں سونپیں گے۔ حمزہ شہباز نے اندرون لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بزرگ کارکن حاجی محمد فاضل کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ سٹیٹس کو کے ہاتھوں یرغمال عمران اس کے خاتمے کی بات کر کے جگ ہنسائی کر رہے ہیں۔ عمران خان جواب مانگنے سے پہلے عوام کو اپنے کرتوت کے جوابات دیں۔ جواب مانگنے والے عمران کو خود آف شور کمپنیز، سٹے بازی، پارٹی فنڈز پر جواب دیتے ہیں۔ عمران جس احتجاج کو جمہوریت کا حسن سمجھ رہے ہیں عوام اس سے مستفید ہو چکے ہیں۔
پرویز رشید / حمزہ

ای پیپر-دی نیشن