• news

گوجرانوالہ‘ 2 مغوی بچے مل گئے‘ ڈسکہ سے بچی سمیت مزید 3 اغوا

لاہور (نامہ نگاران) ڈسکہ سے بچی سمیت 3 بچے اغوا کر لئے گئے جبکہ مریدوالا اور پیرمحل میں اغوا کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ وزیرآباد میں مشکوک خاتون سمیت 2 افراد پر شہریوں نے تشدد کر ڈالا اور سیالکوٹ میں ٹرانسپورٹر کی ویگن توڑ دی۔ ڈسکہ سے نامہ نگار اور نمائندہ خصوصی کے مطابق 12سالہ بچی سمیت 3بچے اغوا ہونے پر علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا‘ والدین مقامی انتظامیہ کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ تھانہ سٹی کے علاقہ محلہ حاجی پورہ کے خالد مسیح کا 13سالہ بیٹا مارشل مسیح آٹھویں کلاس کا طالبعلم تھا‘ دکان پرگیا گھر واپس نہیں آیا تھانہ موترہ کے علاقہ بدوکے چیمہ کے دلاور حسین کا 14سالہ بیٹا خاور حسین خالہ کے گھر ڈسکہ جانے کیلئے نکلا اور لاپتہ ہوگیا۔ تھانہ سٹی کے علاقہ مدینہ کالونی کے محمد شریف کی 12سالہ بیٹی (ر) گھرسے باہر نکلی تو واپس نہ آئی۔ تھانہ مریدوالہ کے فوجی عبد الرحمان کے گھر دو نامعلوم افراد نے دیوار پھلانگ کر سوئی ہوئی8سالہ بچی مصباح اور پانچ سالہ منیب کومبینہ طور پر اٹھانے کی کوشش کی والدہ کی آنکھ کھل گئی شور پر اہل دیہہ جمع ہوگئے جبکہ مبینہ اغواءکار فرار ہوگئے۔ دریں اثنا سمندری روڑ پر بھی ایک بچہ کو اٹھانے پر خاتون ثریا نے شور مچا دیا جسکے بعد اہل علاقہ نے اسے پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ فرار ہوگیا۔ ظفروال کے سکندر نے تھانہ ظفر وال کو اطلاع دی تھی میرا بچہ حمزہ، اغواءہوگیا ہے جس پر پولیس آئی تو بچہ حمزہ گھر میں موجود تھا جس پر پولیس نے سکندر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔ پیر محل سے نامہ نگارکے مطابق شورکوٹ روڈ کے رہائشی محمد افضل کے گھر مبینہ طور پر اغواءکار گروہ کی خاتون نے بھیک مانگنے کا بہانہ بناتے ہوئے داخل ہو گئی اور زہریلی سپرے کا چھڑکاﺅ کرتے ہوئے محمد افضل کی بیوی کے بیہوش ہونے پر ساڑھے چار سالہ حمنہ اور تین سالہ محمد عبداللہ کو اغواءکرنے کی کوشش میں تیز دھار آلے کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا۔ بچوں کی چیخ وپکار پر ملزمہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی۔ وزیرآباد سے نامہ نگارکے مطابق سیالکوٹ روڈ پر واقع نجی ہسپتال سے ایک خاتون اور لاری اڈہ کے قریب نامعلوم نوجوان کو مشکوک جان کر اور وہاں پر کھیلنے والے بچوں کو ورغلانے کے شبہ میں پکڑ لیا اور انکی درگت بنا ڈالی اور پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ متذکورہ خاتون بھکارن ہے جبکہ نوجوان کا ذہنی توازن درست نہ ہونے کی وجہ سے اس کو چھوڑ دیا گیا۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ رنگ پورہ کے علاقہ چھپڑ محلہ کا دس سالہ امیر حسین لاپتہ ہو گیا تھا کے والدین نے اس کے اغوا ہونے کی درخواست دی تاہم امیر حسین بھاگ کر گوجرانوالہ چلا گیا جہاں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی ٹیم نے اسے آوارہ گھومتے ہوئے پکڑ لیا۔ حاجی پورہ پولیس کے مطابق مسلم بازار کا ندیم اپنی ویگن پر جا رہا تھا شتاب گڑھا کے افراد نے ویگن میں بچوں کی نعشیں اور انہیں اغوا کرنے کا الزام عائد کرکے موٹر سائیکلوں پر تعاقب کرکے ویگن کو تھانہ حاجی پورہ کے علاقہ میں روک کر ندیم کو تشدد کا نشانہ بناڈالا۔ پولیس نے پانچ ملزمان عادل ، شان ،عبدالغفور ، اشتیاق اور عمران کوگرفتار کرکے 30ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ملکوال سے نامہ نگار کے مطابق گوجرہ میں مظہر کا 8 سالہ بیٹا حسنین گلی میں کھیلنے کیلئے نکلا کہ ایک مبینہ اغوا کار اسے اٹھا کر قریبی کھیتوں کی طرف دوڑا، لوگوں نے اسے پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔ تاندلیانوالہ میں اوکاڑہ روڈ پر کار سوار افراد نے 17 سالہ شہباز کو بیہوش کرکے اغوا کرنے کی کوشش کی مگر ناکام رہے۔ ستراہ سے نامہ نگار کے مطابق 20 روز قبل اغوا ہونے والے 15 سالہ ابوبکر سٹی پولیس نے داتا دربار سے برآمد کرکے والدین کے حوالے کر دیا۔ اس نے خود گھر سے بھاگنے کا اقرار کیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ پولیس کو ملتان اور گوجرانوالہ سے اغوا ہونے والے دو مزید بچے مل گئے جبکہ اغوا کار فرار ہو گئے۔ گرجاکھ پولیس نے عالم چوک کے قریب ناکہ بندی کر رکھی تھی جہاں پر 13 سالہ بچہ دوڑتا ہوا اہلکاروں کے پاس پہنچا اور بتایا کہ اسے سڑک پر کھڑے کیری ڈبہ میں موجود لوگ ملتان سے اغوا کرکے لائے ہیں تاہم پولیس اہلکار دیکھ کر کیری ڈبہ میں سوار اغوا کار فرار ہو گئے جبکہ دوسرے 13سالہ بچے علی حیدر کو رحمت ٹاﺅن سے و اغوا کاروں نے ٹافی دینے کے بہانے اغوا کیا اور آنکھوں پر پٹی باندھ کر گرجاکھ گندے نالے کے قریب کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ شاہدرہ سے اغوا ہونے والا نہم کلاس کا طالب علم برہان گوجرانوالہ سبزی منڈی کے قریب اغوا کاروں سے چنگل سے فرار ہوکر رکشہ ڈرائیور کی مدد سے تھانے پہنچ گیا۔
بچے اغوا

ای پیپر-دی نیشن