عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے سارک ممالک میں تعاون ناگزیر ہے : اسحاق ڈار
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خطے کے عوام کی فلاح اور معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے سارک ممالک کے درمیان تعاون ناگزیر ہے، سارک ممالک اپنے وسائل اور توانائیاں استعمال کرکے ملکر ترقی کر سکتے ہیں ، 25 ،26 اگست کو اسلام آباد میں ہونے والی سارک وزراءخزانہ کانفرنس خطہ کے مستقبل کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہوگی، متعلقہ وزارتیں اور محکمے کانفرنس کے بھرپور انتظامات کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ اور تعاون یقینی بنائیں۔ حکومت نے گزشتہ 3سال کے دوران اصلاحاتی ایجنڈا پر کامیابی سے عملدر آمد کیا۔ کامیابی کا سفر جاری رہے گا۔ فنانشنل مینجمنٹ کو بہتر کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے،پا کستان کی معاشی ترقی کیلئے ورلڈ بنک کے تعاون کرنے پر شکر گزار ہیں۔ اسحاق ڈار نے 25 اور 26 اگست کو اسلام آباد میں ہونے والی سارک وزراءکے خرانہ کانفرنس کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کی ۔ وزارت خارجہ اور وزارت خزانہ کے حکام نے وزیر خزانہ کو کانفرنس کے پلان اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کانفرنس کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کی تفصیلات سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سارک کے تمام ممالک کے پاس صلاحیت موجود ہے وہ ایک دوسرے کی صلاحیتوں اور توانائیوں کو استعمال کرکے ملکر ترقی کر سکتے ہیں ۔ خطے کے لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے اور لوگوں کے فلاح کیلئے سارک ممالک کے درمیان تعاون ناگزیر ہے ۔ آنے والی سارک وزراءخزانہ کانفرنس اس حوالے سے ایک اہم اجلاس ثابت ہوگا۔ قبل ازیں وزیر خزانہ میں بجٹ آپریشنز کے ایکسٹرنل فنانسنگ کے صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کی ، وزیر خزانہ کوتازہ ترین ملک کی مالی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ وزیر خزانہ نے نے کہا کہ زر مبادلہ کے ذخائر بلند سطح پر ہیں۔انہوں نے وزارت خزانہ کے حکام کو ہدایت کی کہ ملک کی بہتر معاشی صورتحال کی وجہ سے سستی فنانسنگ پر توجہ دی جائے ۔دریں اثنا ءوزیر خزانہ سے ورلڈ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر نے ملاقات کی اور حکومت کے مستقبل میں اصلاحات کے حوالے سے اقدامات پر گفتگو کی۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو آئی ایم ایف کا پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے پر بھی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کی تکمیل ایک بڑی کامیابی ہے ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ 3سال کے دوران اصلاحاتی ایجنڈا پر کامیابی سے عملدر آمد کیا۔ فنانشنل مینجمنٹ کو بہتر کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ ورلڈ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر نے پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ورلڈ بنک کے مجوزہ منصوبے پر گفتگو کی ۔
اسحاق ڈار