مودی سرکار دلتوں، اقلیتوں پر حملے روکے عالمی برادری دہشت گردی کیخلاف ملکر اقدامات کرے: بھارتی صدر مکھرجی
نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارتی صدر پرناب مکھرجی نے نام نہاد ’’گاؤ رکھشکو‘‘ کے دلتوں اور دیگر اقلیتوں پر حملوں پر شدید ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے مودی سرکار پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے واقعات سختی سے روکے۔ اپنے ملک کے یوم آزادی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے مکھرجی نے کہا عدم برداشت کا مظاہرہ کرنے والی قوتوں سے بھارتی قوم کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کمزور طبقات پر حملے ہمارے قومی وقار کیخلاف ہیں جنہیں روکنے کیلئے ریاستی مشینری کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہئے۔ بھارتی صدر نے مذہب کے نام پر دنیا کے مختلف ممالک اور جنوبی ایشیا میں ہونیوالی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کرتے بیلجیئم ، نائیجیریا، کینیا، افغانستان اور بنگلہ دیش میں دہشت گردی کے واقعات کا ذکر کیا تاہم پاکستان جہاں ہزاروں افراد دہشت گردی کے واقعات میں جانیں گنوا چکے حتیٰ کہ حلیہ سانحہ کوئٹہ کا ذکر کرنا بھی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعویدار ملک کے چھوٹے دل والے صدر نے گوارہ نہ کیا۔ تاہم انہوں نے دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے عالمی برادری کو ملکر اقدامات کرنے پر زور دیا۔