خیبر پی کے پولیس افغان مہاجرین کو ہراساں کر رہی ہے: اقوام متحدہ
اسلام آباد (مقبول ملک+ دی نیشن رپورٹ) اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے خیبر پی کے میں رہائش پذیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو ہراساں کئے جانے کی رپورٹس کی تصدیق کی ہے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی ترجمان مس دنوپا اسلم نے نیشن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پی کے میں پولیس کی طرف سے افغان مہاجرین کو ہراساں کرنے کی رپورٹس مل رہی ہیں ان کا کہنا تھا کہ اس سال 42 ہزار سے زائد افغان مہاجرین وطن واپس لوٹ گئے ہیں وزیراعظم نواز شریف نے افغان مہاجرین کو 31 دسمبر 2016ء تک پاکستان میں رہنے کی اجازت دی ہے اس سہ فریقی معاہدے میں پاکستان افغانستان اور اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین شامل ہیں۔ حکومت پاکستان کے اعلیٰ حکام کے مطابق پاکستان میں مقیم 10 لاکھ سے زائد غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین ملکی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں جبکہ بدقسمتی سے افغان حکومت وطن واپس آنے والے مہاجرین کی آبادکاری کیلئے کوئی خطرہ خوا اقدامات نہیں اٹھا رہی۔