تیز رفتار ترقی کےلئے تعلیم کا فروغ ناگزیر
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے تیز رفتار ترقی کا واحد زینہ معیاری تعلیم کا فروغ ہے۔ سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے خادم پنجاب سکولز پروگرام کی باقاعدہ منظوری دیدی، 15ا رب روپے کی لاگت سے جدید ڈیزائن دار کمروں کی تعمیر کے بعد طلبہ وطالبات کو بہتر تعلیمی سہولتیں فراہم ہوں گی۔
وزیراعلیٰ کی جانب سے تعلیم کے حوالے سے مذکورہ اقدام خوش آئند ہیں لیکن اس حقیقت سے بھی صرفِ نظر نہیں کیا جاسکتا کہ ہماری شرح خواندگی نہایت مایوس کن ہے۔ ترقی یافتہ قوموں کی صف میں کھڑنے ہونے کے لئے تعلیم کے شعبے کی بہترین کارکردگی ناگزیر ہے۔ اگرچہ مرکز نے شعبہ تعلیم کے حوالے سے صوبوں کو خودمختار کردیا ہے، صوبوں کو تعلیم کا قابل ذکر بجٹ مختص کرنا اب صوبوں کی ذمہ داری ہے تاہم مرکز کو بھی تعلیم جیسے اہم ترین شعبے کے لئے بجٹ میں بھاری فنڈز رکھنے چاہئیں لیکن افسوسناک امر یہ ہے مرکز اور صوبوں کی جانب سے شعبہ تعلیم کے لئے بجٹ میں مناسب فنڈمختص پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔ حکومت کی جانب سے اضافی کمروں کی تعمیر اور خستہ حال عمارتوں کی مرمت و تزئین حوصلہ افزا اقدام ہیں لیکن جب تک تعلیم کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈز نہیں رکھے جائیں، اس شعبے میں اپنے ہدف تک پہنچنا ممکن نہیں۔