افغانستان : ڈرون حملہ‘ جھڑپیں‘ 11 اہلکاروں سمیت 39 ہلاک صوبہ بدخشاں کے ضلع بہارک میں طالبان نے 17دیہاتوں کا کنٹرول سنبھال لیا
کابل(آئی این پی)افغانستان میںامریکی ڈرون حملے اور سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 28شدت پسند ہلاک اور 8زخمی ہوگئے جبکہ طالبان کے حملوںمیں 11افغان سیکورٹی اہلکار ہلاک اور 9زخمی ہوگئے ، صوبہ بدخشاں کے ضلع بہارک میں طالبان نے 17دیہاتوں کا کنٹرول سنبھال لیا ، عسکریت پسندوں نے مقامی افراد سے زبردستی غیر قانونی ٹیکسز کا مطالبہ کر دیا۔ صوبہ نورستان کے ضلع وانٹ ویگل میںطالبان کے بڑے حملے کے بعد ،سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔افغان میڈیا کے مطابق قندوزمیں آپریشن میں 21طالبان جنگجو ہلاک اور 8زخمی ہوگئے ۔ سیکورٹی فورسز نے آپریشن ضلع امام صاحب میں کیا۔ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کے 2جنگجوہلاک ہوگئے ۔صوبائی پولیس کے ترجمان کے مطابق ڈرون حملہ ضلع آچن میں کیا گیا۔ عسکریت پسندوں کو پیکھا کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا ،حملے میں 2عسکریت پسند مارے گئے ۔صوبہ غور میں افغان فضائیہ کی کاروائی میں 5شدت پسند ہلاک ہوگئے ۔وزارت دفاع کے مطابق فضائی کاروائی ضلع پاسابند میں کی گئی جس میں 5شدت پسند ہلاک ہوگئے ۔صوبہ بدخشان کے ضلع بہارک میں طالبان نے 17دیہاتوں کا کنٹرول سنبھال لیا۔ سیکورٹی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے ضلع کو کلیئر نہ کرایا تو طالبان سیکورٹی کیلئے بڑا خطرہ بن سکتے ہیں۔ضلعی گورنر سمیع اللہ عتیق کا کہنا ہے کہ طالبان ضلع کے مرکز سے تقریبا2کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہیں۔ادھر طالبان نے مشرقی صوبہ نورستان کے ضلع وانٹ ویگل میں بڑا حملہ کیا ہے ۔سیکڑوں طالبان نے مقامی وقت صبح چار بجے کے قریب علاقے پر دھاوا بول دی جس کے بعد سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔صوبائی گورنر حافظ عبدالقیوم نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کے حملے کو پسپا کرنے کیلئے علاقے میں اضافی دستے تعینات کردیئے ہیں۔ صوبہ بغلان میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں 9پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ 2اہلکار مشرقی علاقے میں مارے گئے ۔صوبائی پولیس چیف جنرل نور حبیب گل بہاری کا کہناہے کہ عسکریت پسندوں نے ہفتے کی رات ضلع بغلان مرکزئی میں تین سیکورٹی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا۔انکا کہنا تھاکہ مشرقی نورستان میں ضلعی ہیڈکوارٹر پر حملے میں 2پولیس افسران ہلاک اور 9زخمی ہوگئے۔