کرپشن کیخلاف تحریک کو منظفی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں : عمران خان
لاہور + اسلام آباد (سپیشل رپورٹر+ ایجنسیاں) عمران خان سے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود الرشید نے ون آن ون ملاقات کی‘ سیاسی امور بالخصوص پنجاب میں تحریک احتساب کے آغاز سے متعلق تفصیلی بات چیت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا، بنی گالہ میں ملاقات میں محمودالرشید نے پارٹی چیئرمین کو احتجاجی تحریک سے متعلق تجاویز سے آگاہ کیا۔ عمران نے اپوزیشن لیڈر کو پنجاب اسمبلی میں کرپشن اور پانامہ لیکس پر شدید احتجاج کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف وزیراعظم کو آئین و قانون کے دائرے میں لانے اور کرپشن کیخلاف تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پُرعزم ہے۔ علاوہ ازیں محمود الر شید نے آئندہ ہفتے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا۔ ادھر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے عمران خان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ حکومت کے خلاف پی ٹی آئی کی احتساب ریلی میں شامل ہیں۔ شیخ رشید نے اعلان کیا کہ وہ بھی پی ٹی آئی کی احتساب تحریک میں شامل ہیں۔ شیخ رشید نے فیصلہ کیا کہ وہ حکومت مخالف تحریک میں پی ٹی آئی کے ساتھ چلیں گے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس آج بنی گالہ میں عمران کی صدارت میں ہو گا۔ جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کے علاوہ حکومت مخالف تحریک احتساب کی آئندہ کی حکمت عملی اور پارٹی میں اضلاع کی سطح پر نامزدگیوں سمیت معاملات کو حتمی شکل دی جائیگی۔ جماعت اسلامی کے وفد سے گفتگو میں عمران خان نے کہا ہے کہ مخصوص ٹولہ ملکی وسائل کودیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ کرپشن اور اقربا پروری کی وجہ سے عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ ادھر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے (آج ) منگل کو وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کےلئے ریفرنس سپیکر چیمبر میں دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد سیاسی و مذہبی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلا کر حکومت کے خلاف احتجاج یکجا کرنے کا پلان بنائیں گے۔
عمران/ ملاقاتیں